Thursday, 28 November 2024


پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رہیں گی

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے، ہم ہندوستان سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں تاہم وہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہولناک خواب کی طرح جاری ہے جس کو 110 روز گزر چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں تمام ذرائع مواصلات اور ٹیلی فون وغیرہ مکمل بند ہیں، بھارتی قابض افواج نوجوانوں اور بچوں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لے رہی ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی مشکلات اور وہاں کی دگرگوں صورتحال کواجاگر کرتا رہے گا، اسی حوالے سے وزیر خارجہ کا خط اقوام متحدہ کے سیکورٹی کونسل کے اراکین میں تقسیم بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت فوری انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس بحال کرے اور سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔
 
ترجمان نے کہا کہ کرنل حبیب طاہر کی موت کا سرٹیفکیٹ دیکھا ہے جو بظاہر جعلی نظر آتا ہے، کرنل حبیب کے اہلخانہ اور حکومت پاکستان ان کے حوالے سے پریشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاچن کے حوالے سے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، ہندوستان کیسے سیاچن کو سیاحت کے لیے کھول سکتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی آباد کاری پر موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جب کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات پر سرد مہری کے حوالے سے اطلاع نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رہیں گی جب کہ ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے، ہم بھارت سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں تاہم وہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

Share this article

Leave a comment