Friday, 29 November 2024


اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کل سرجوڑکربیٹھیں گی

اسلام آباد: حکومت کے خلاف لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کل منعقد ہوگی جس میں بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی یقین دہانی کرادی۔

ذرائع کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی۔

جے یو آئی کے مطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے، آل پارٹیز کانفرنس صبح 11 کے بجائے دن دو بجے ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی درخواست پر اے پی سی کا وقت تبدیل کیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے، اے این پی کے امیر حیدر ہوتی اور میاں افتخار حسین شرکت کریں گے جب کہ طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے اسفندیار ولی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ترجمان بلاول بھٹو کے مطابق اے پی سی میں چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی وفد شریک ہوگا جس میں پارٹی کے سینئر قائدین شامل ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن کی تحریک کے حوالے سے پارٹی کی پالیسی بھی اے پی سی میں رکھیں گے۔

Share this article

Leave a comment