Thursday, 28 November 2024


شہرِقائدمیں پہلی بار50فٹ طویل کرسمس ٹری کی نمائش

کراچی: شہر قائد میں مذہبی رواداری کے لیے پہلی بار 50 فٹ طویل کرسمس ٹری کی نمایش کا اہتمام کیا گیا۔
 
تفصیلات کے مطابق کراچی میں امن کے قیام کے بعد مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ کرسمس کے رنگ بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، پہلی مرتبہ کراچی کے علاقے پہاڑ گنج میں پچاس فٹ لمبے کرسمس ٹری کی نمائش کی گئی۔
 
پہاڑ گنج چورنگی پر منعقد ہونے والی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن، ڈی آئی جی غربی، ایس ایس پی وسطی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی، مسیحی برادری سے رواداری کے اظہار کے لیے
مسلم کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔
 
کہتے ہیں کرسمس ٹری میں موجود تحائف انسانیت سے محبت کی علامت ہیں، مسیحی برادری کا بھی یہی کہنا ہے کہ کراچی میں امن کے قیام کے بعد کرسمس کی ایسی تقریبات کا انعقاد ممکن ہوا ہے، تقریب کے منتظمین کا کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے سب کو ایک دوسرے کی مذہبی رسومات کا احترام کرنا ہوگا اور آپس میں محبت بانٹنی ہوگی، سارے مذاہب یکساں طور پر انسانیت کا درس دیتے ہیں۔
 
خیال رہے کہ کرسمس کرسچن کمیونٹی کا اہم ترین تہوار ہے، اس دن مسیح کی ولادت کا جشن منایا جاتا ہے، اس دن تحائف کی لین دین کی جاتی ہے، سانتا کلاز کا مشہور کردار بھی اسی سے جڑا ہوا ہے۔ اس دن مسیحی ایک مصنوعی درخت سجاتے ہیں، اس درخت کو گھروں میں نمایاں مقام پر نصب کرتے ہیں اور اس کو رنگین کاغذوں، گھنٹیوں، چھوٹے کھلونوں، کھانے پینے کی چیزوں اور موم بتیوں سے سجایا جاتا ہے۔
 

Share this article

Leave a comment