Friday, 29 November 2024


جامعہ کراچی نےضابطہ اخلاق 2019-20 جاری کردیا

 کراچی: جامعہ کراچی میں نئے تعلیمی سال کے موقع پر مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی کی جانب سے طلبہ کےلئے ایک ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔اس ضابطہ اخلاق میں طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام، نظریہ پاکستان اور ملکی وقومی سا لمیت کی معروف تعبیر کے مطابق ان کے خلاف کوئی سرگرمی ،کوئی نعرہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جامعہ میں تعلیم کے معیار کی بہتری ،تعلیمی مواقع کی ترقی اور تعلیمی مسائل کے حل کو مقدم جانئے۔جامعہ کے انتظامی امور میں مداخلت ممنوع ہے۔جامعہ کے تقدس کا احترام سب پر لازم ہے کلاس کے اندر اورباہر ایسی تمام سرگرمیوں سے اجتناب کیا جائے جو اس کے تقدس کو پامال کریں۔جامعہ کی اخلاقی فضا کے بارے میں منفی تاثرات ،پروپیگنڈے اور تنقید کی شدت کو کم کرنے کے لئے اور جامعہ کی اخلاقی فضا کی پاکیزگی کے تحفظ کے لئے ایسے طالب علم اور غیر طالب علم عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جو جامعہ کو تفریح گاہ سمجھ کر یہاں چلے آتے ہیں اور پورادن یہاں غیر تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف نظر آتے ہیں ہر طالب علم کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ باہر سے آنے والے ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور جامعہ سے ان کے فوری اخراج کے لئے اساتذہ اور انتظامیہ کی مددحاصل کریں۔
 
اساتذہ کا احترام کیا جائے اور کلاس کے اندر اور باہر ان کی ہدایات اور مشوروں کو عزت اور احترام سے قبول کیا جائے گا جس طرح گھروں میں بزرگان خانہ اور والدین کے فرمودات کو واجب التعمیل سمجھاجاتاہے،نظریہ یا مکتبہ فکر کے کسی اختلاف کو اساتذہ کے احترام کو ختم کرنے کی بنیاد نہیں بنایا جائے گا۔جامعہ کی پراپرٹی بشمول ٹرانسپورٹ کا کسی طرح بھی خلاف ضابطہ استعمال ممنوع ہے۔سیکیورٹی کے عملے سے تعاون کیا جائے تاکہ نظم وضبط قائم رکھا جاسکے۔جامعہ کراچی کو سگریٹ نوشی اور دیگر ناپسندیدہ اشیاء(پان چھالیہ وغیرہ) سے پاک کرنے میں اپنا کردار اداکیجئے،کسی قسم کی نشہ آور اشیاءکا کاروبار اور استعمال سختی سے ممنوع ہے۔جامعہ کی حدود میں کسی قسم کا آتشی اسلحہ، تیز دھار ہتھیار رکھناسخت منع ہے،خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔
 
سوشل میڈیاکو استعمال کرتے ہوئے اخلاقی پاسداری کا خاص خیال رکھا جائے۔علاقائی، گروہی ،لسانی اور فرقہ وارانہ حوالوں کو طلبا برادری کی یکجہتی کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔جامعہ کی درودیوار کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کیجئے کسی قسم کے پوسٹر لگانے اور لکھنے (وال چاکنگ)سے مکمل اجتناب کیجئے۔طالب علم انفرادی واجتماعی طور پر یونیورسٹی کے کوڈ اور دوسرے تمام انتظامی وتعلیمی قواعد کا پابند ہے بشمول 75فیصد حاضری کی پابندی کے۔تمام غیر نصابی سرگرمیاں صرف شعبہ جاتی مشیر امور طلبہ کی رہنمائی میں ہی کی جاسکتی ہیں۔طلباءوطالبات رہائشی علاقے میں جانے سے گریز کریں اور اپنے آپ کو اکیڈمک ایریاتک محدودرکھیں۔جامعہ کراچی کی حدود میں کسی پروگرام کے انعقاد کے لئے صدر شعبہ اور دفتر ہذا سے۵یوم قبل تحریری طور پر اجازت لینا لازمی ہے۔واضح رہے کہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کاروائی کی جائے گی اور سنگین خلاف ورزی کی صورت میں جوکہ قانون کے زمرے میں آتی ہو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

Share this article

Leave a comment