Thursday, 28 November 2024


رواں برس گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ کمی

 
کراچی: کرونا وائرس نے جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے وہیں آٹو سیکٹر پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں، رواں برس گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، ٹریکٹر، ٹرک اور بسوں کی فروخت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
 
رپورٹ کے مطابق کرونا کے لاک ڈاؤن کے باعث مارچ میں مقامی گاڑیوں کی فروخت میں 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 22 ہزار 783 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ رواں برس مارچ میں صرف 6 ہزار 830 مقامی گاڑیاں ہی فروخت ہوئیں۔
 
 
رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے 9 ماہ میں مقامی گاڑیوں کی فروخت میں 47 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
 
گزشتہ مالی سال کے 9 ماہ میں 1 لاکھ 85 ہزار 23 یونٹس فروخت کیے گئے جبکہ رواں مالی سال یہ تعداد صرف 97 ہزار 664 یونٹ رہی۔
 
رپورٹ کے مطابق رواں برس مارچ میں موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھی 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 1 لاکھ 38 ہزار 10 موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں جبکہ رواں برس مارچ میں یہ تعداد صرف 89 ہزار 131 رہی۔
 
گزشتہ ماہ ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 5 ہزار 729 جبکہ مارچ 2020 میں صرف 2 ہزار 918 ٹریکٹر فروخت ہوئے۔
 
اسی طرح مارچ 2020 میں ٹرک اور بس کی فروخت میں بھی 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 492 جبکہ مارچ 2020 میں صرف 342 یونٹس فروخت ہوئے۔

Share this article

Leave a comment