Thursday, 28 November 2024


سول ایوی ایشن اتھارٹی کو روزانہ کروڑوں روپے کا خسارہ

 
 
کراچی: کرونا وائرس کے باعث بین الاقوامی فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو روزانہ کروڑوں روپے کا خسارہ ہورہا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کی بندش کے باعث سول ایوی ایشن کو انٹرنیشنل فلائٹس کے ایرو ناٹیکل چارجز کی مد میں روزانہ کروڑوں کا خسارہ ہورہا ہے۔
 
ایڈیشنل ڈائریکٹر بلنگ کی جانب سے جوائنٹ سیکریٹری اور ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کو ای میل کی گئی ہے جس میں اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔
 
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یکم تا 15 مارچ کا خسارہ 69 کروڑ 89 لاکھ 50 ہزار روپے رہا، 16 سے 31 مارچ تک 3 ارب 1 کروڑ 90 لاکھ 40 ہزار روپے خسارہ ہوا۔
 
سی اے اے کا کہنا ہے کہ یکم سے 11 اپریل تک 2 ارب 76 کروڑ 67 لاکھ روپے خسارہ ہوا۔
 
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ایرو ناٹیکل چارجز کی مد میں یکم مارچ سے روزانہ 47 کروڑ 95 لاکھ 90 ہزار روپے نقصان ہو رہا ہے، انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی تک مزید 25 کروڑ 97 لاکھ روپے روزانہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔
 
اس سے قبل اے آر وائی نیوز کو موصول سول ایوی ایشن کے نقصان کی سرکاری دستاویز کے مطابق مارچ کے پہلے 15 دنوں میں 212 فلائٹس منسوخ ہوئیں جبکہ ایک ماہ کے دوران کل 1681 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

Share this article

Leave a comment