Friday, 29 November 2024


پاکستانی سائینسدان کے لیے بین الاقوامی اعزاز

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کوبائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں چائینز اکیڈمی آف سائینسز کی جانب سے ”ممتاز سائینسدان“کا اعلیٰ چینی ایوارڈ دیا گیا ہے۔ 

 

 آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو یہ اعلیٰ چینی ایوارڈ نہ صرف بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے بلکہ چینی اعلیٰ تعلیمی اداروں سے مضبوط تعلیمی و تحقیقی روابط قائم کرنے کے اعتراف میں بھی دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً1355سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ73کتب اور کتب میں40 چیپٹر شائع ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ67انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے ان کے زیر نگرانی94طالبعلم پی ایچ ڈی مکمل کرچکے ہیں،بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسراقبال چوہدری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہء امتیاز، ستارہئ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، نائجیریا میں ایک تحقیقی ادارہ بھی پروفیسر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب ہے۔واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو انکی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔

Share this article

Leave a comment