Friday, 29 November 2024
Sunday, 03 May 2020 14:51

وٹامن ڈی کی کمی سے مرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے

 
 
 
نیویارک: ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جسم میں وٹامن ڈی کی سطح جتنی کم ہوگی اتنا ہی کرونا وائرس کا خطرہ زیادہ ہوگا۔
 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کی وجہ سے کرونا وائرس لگنے اور کو وِڈ نائنٹین انفیکشن سے مرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
 
ابتدائی تحقیق میں یہ عارضی ثبوت سامنے آیا ہے کہ حیاتین ڈی کی کم سطح کی وجہ سے زیادہ امکان ہے کہ کرونا وائرس لگنے کے بعد مریض مر جائے گا۔
 
اس تحقیق میں 20 یورپی ممالک میں اوسطاً وٹامن ڈی کی سطح کا موازنہ کیا گیا ہے جہاں کو وِڈ نائنٹین کے انفیکشن اور اس سے اموات کا ریکارڈ موجود تھا، اس سے یہ معقول انکشاف ہوا کہ جن ممالک میں حیاتین ڈی کی سطح کم تھی وہاں کو وِڈ نائنٹین انفیکشن کی شرح کے ساتھ اموات کی شرح بھی زیادہ تھی۔
 
اس تحقیقی مطالعے کا ابھی دیگر سائنس دانوں نے جائزہ (peer-review) نہیں لیا ہے، جس سے مذکورہ ثبوت کی مزید توثیق نہیں ہوئی ہے، تاہم کوئین الزیبتھ اسپتال فاؤنڈیشن ٹرسٹ اور یونی ورسٹی آف ایسٹ انجلیا کے سائنس دانوں نے اپنی تحقیق میں لکھا ہے کہ ‘ہم یقین کے ساتھ سارس کو وِڈ 2 انفیکشن کے خلاف تحفظ کے لیے وٹامن ڈی سپلیمنٹ کی تجویز دے سکتے ہیں۔’
 
اس تحقیق کو اس سے قبل ہونے والی ایک اور تحقیق بھی سہارا دیتی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وٹامن ڈی کے استعمال سے کرونا وائرس لگنے کے بعد مریض کی صحت یابی کا امکان بڑھ جاتا ہے، اس سلسلے میں یونی ورسٹی آف گریناڈا کی 10 ہفتوں پر مشتمل ٹرائل ابھی جاری ہے، جو کہ ٹرینٹی کالج ڈبلن کی ایک حالیہ تحقیق کے بعد شروع کیا گیا ہے، جس میں دیکھا گیا کہ جن افراد نے وٹامن ڈی سپلیمنٹ لیا ان میں چیسٹ انفیکشن 50 فی صد کم ہوا۔
 
حالیہ تحقیق نے اس سے قبل کی تحقیقاتی اسٹڈیز کی مدد سے یہ بھی دیکھا ہے کہ جن معمر افراد میں وٹامن ڈی کی سطح کم تھی، ان میں کرونا وائرس لگنے سے اموات کا خطرہ زیادہ پایا گیا۔
 
تحقیق کے مطابق جن یورپی ممالک سے سیرم سیمپلز لیے گئے ان میں وٹامن ڈی کی اوسطاً مقدار 56nmol/l پائی گئی، جب کہ 30nmol/l سے کم سطح شدید کمی کا اشارہ کرتی ہے۔ تحقیق میں دیکھا گیا کہ اسپین میں وٹامن ڈی کی سطح 26nmol/L تھی، اٹلی میں 28nmol/L، سوئٹزرلینڈ کے نرسنگ ہومز میں 23nmol/L، اٹلی میں 70 سالہ عورتوں کے 76 فی صد میں 30nmol/L سے کم سطح تھی۔ خیال رہے کہ ان ممالک میں کرونا کیسز اور اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔
 
واضح رہے کہ وٹامن ڈی مچھلی اور مشروم جیسی غذاؤں کے ذریعے انسانی جسم میں اپنا راستہ بناتا ہے یا سورج کی روشنی میں جلد میں موجود خلیات کے ذریعے پیدا ہو سکتا ہے۔
Read 2238 times

Leave a comment