لاڑکانہ: سی ایس ایس 2019 میں لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے مکینک کے بیٹے زوہیب قریشی نے کامیابی حاصل کرکے مرحوم والد کا خواب پورا کردیا۔
سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے زوہیب قریشی سی ایس ایس امتحانات کے نتائج کی میرٹ لسٹ میں 260 ویں نمبر پر آئے ہیں اور ٹریننگ کے بعد وہ محکمہ لینڈ اینڈ ریونیو میں آفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دیں گے
اس حوالے سے زوہیب قریشی نے بتایا کہ ان کے والد لاڑکانہ میں ایک موٹر مکینک تھے جن کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کے بچے سی ایس ایس آفیسرز بنیں جس کے لیے انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں اور بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوائی۔
زوہیب قریشی نے کہا کہ انہوں نے 2010 میں لاڑکانہ کیڈٹ کالج سے ایف ایس سی پاس کیا اس کے بعد انہوں نے 2 مرتبہ کمیشن آفیسر بننے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں دونوں بار اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لیکن ان کے والد نے انہیں ہمت دی اور سی ایس ایس کرنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے والد کی حوصلہ افزائی پر مہران یونیورسٹی حیدرآباد میں مکینیکل انجینئرنگ میں داخلہ لیا اور وہاں اپنی تعلیم شروع کی، اسی دوران 2012 میں ان کے والد وفات پاگئے۔
زوہیب قریشی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کی خواہش پوری کرنا تھی لیکن وہ سی ایس ایس کی تیاری پر ٹھیک سے اپنی توجہ مرکوز نہیں کرپا رہے تھے کیونکہ ان کے والد کے انتقال کے بعد انہوں نے سرکاری ملازمت شروع کردی تھی لیکن اسی دوران ان کی والدہ اور گھر والوں نے نوکری چھوڑ کر سی ایس ایس کے لیے محنت کرنےکا حوصلہ دیا۔