Thursday, 28 November 2024


جامعہ کراچی میں سہہ روزہ پھولوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب

کراچی: جامعہ کراچی میں سہہ روزہ پھولوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ۔

جامعہ کراچی سینٹر فارپلانٹ کنزرویشن کے زیر اہتمام بوٹینک گارڈن جامعہ کراچی میں منعقدہ سہہ روزہ پھولوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نےکہاکہ پھول محبت اورامن کا بہترین علامتی ذریعہ ہیں صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے فطری ماحول میں پھولوں کی نمائش وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آلودگی اور فضائی کثافت نے انسانی زندگی پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں میں درختوں اور پودوں کی حفاظت کے حوالے سے شعوربیدار کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ معیاری تفریح جوکہ نالج بیسڈ ہو ضروری ہے پھولوں کی نمائش شہروں میں رہائش پذیر افراد کو قدرتی حسن اورفطری ماحول کے قریب لانے کا نادر موقع ہوتا ہے۔یہی نہیں بلکہ ایسی نمائش لوگوں میں باغبانی اور پھولوں کی اہمیت کے حوالے سے شعور بھی اجاگر کرتی ہیں۔پھول قدرت کا حسین عطیہ ہیں جن کی وجہ سے ماحول میں تروتازگی اور خوشبوئیں بکھرتیں ہیں۔

جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ومعروف ماہرنباتیات پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ بوٹینک گارڈن جامعہ کراچی کا بنیادی مقصد عام عوام میں پودوں اور جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کے خاتمے سے انسانی زندگیوں پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔موسمیاتی تبدیلی کی ایک بڑی وجہ جنگلات کا تیزی سے خاتمہ ہے جس کے ذمہ دارہم سب ہیں۔آنے والے پانچ سالوں میں پاکستان میں پانی کی شدید کی قلت ہوگی جبکہ دوسری طرف تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے پاکستان کو شدید مشکلات کا سامنا ہوگا۔

ڈائریکٹر سینٹر فارپلانٹ کنزرویشن ڈاکٹر انجم پروین نے نمائش کے مقاصد پہ روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش نہ صرف قدر ت کے حسین شاہکاروں کو عام لوگوں پہ افشاں کرے گی بلکہ اس کے اولین مقاصد میں پھولوں کی اہمیت وافادیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

نمائش میں تقریباً2000اقسام کے پھولوں کو رکھا گیا ہے۔ نمائش کی افتتاحی تقریب میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ کے ساتھ ساتھ چینی اساتذہ،طلبااور غیر تدریسی عملے کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔نمائش12 مارچ2021 ء تک جاری رہے گی۔

 

Share this article

Leave a comment