Thursday, 28 November 2024


جامعہ کراچی میں جشن آزادی شجرکاری مہم کاافتتاح

کراچی: جامعہ کراچی اور دعافاؤنڈیشن کے اشتراک سے یوم آزادی کے موقع پر جشن آزادی شجرکاری مہم کی افتتاح کیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ موثر شجرکاری مہم کے ذریعے ہی ہم گلوبل وارمنگ جیسے سنگین مسائل سے نبردآزما ہوسکتے ہیں،گذشتہ چنددہائیوں سے غیر متوقع موسمیاتی تبدیلیوں نے پوری دنیا کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ایک صحت مند اور ماحول دوست معاشرے کے قیام کے لئے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور شجرکاری مہم کی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔

بدقسمتی سے پاکستان میں شجرکاری کوفروغ دینے کے بجائے درختوں کی بے دریغ کٹائی کی جاتی رہی ہے۔،تاہم یہ امر خوش آئند ہے کہ اب حکومتی سطح پر شجرکاری کے حوالے سے نہ صرف آگاہی فراہم کی جارہی ہے بلکہ عملی طور پر کام بھی کیا جارہاہے جس کے پیش نظر نجی ادارے اور فلاحی تنظیمیں بھی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت درختوں کے کٹاؤ پر سخت پابندیاں عائد کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔شجرکاری مہم بہت اچھا اقدام ہے اور ہر سال شجرکاری مہم میں لاکھوں پودے لگائے جاتے ہیں لیکن افسوسناک امریہ ہے کہ نگہداشت اور دیکھ بھال نہ ہونے کیوجہ سے ہزاروں پودے جل جاتے ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر لینڈ اسکیپ گارڈننگ کونسل جامعہ کراچی ڈاکٹر فہیم نے کہا کہ آج پانچ سوسے زائد پودے لگائے گئے ہیں جن میں 100 سے زائد کھجور کے تین اقسام کے پودے بھی شامل ہیں۔

دعافاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فیاض عالم نے کہا کہ جامعہ کراچی کے ساتھ ہماراشجرکاری کا سفر چھ ماہ قبل شروع ہواتھا اور تاحال دعافاؤنڈیشن کی جانب سے جامعہ کراچی کو 20 ہزار سے زائد مختلف اقسام کے پھلوں اور پھولوں کے پودے فراہم کئے جاچکے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Share this article

Leave a comment