Thursday, 28 November 2024


جامعہ کراچی:یوم آزادی کےموقع پر پرچم کشائی کی تقریب

کراچی: پاکستان کی 74ویں یوم ِ آزادی کےسلسلےمیں جامعہ کراچی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقدکی گئی۔

جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے سامنے سبزہ زارپر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو عراقی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فلسفے اتحاد،تنظیم اور یقین محکم پر عمل پیراہوکر ہی ہم ایک عظیم فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔موجودہ دور میں پاکستان کو اندورنی وبیرونی چیلنجزدرپیش ہیں لیکن عساکر پاکستان اپنی لازوال قربانیوں سے عظمت اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کررہی ہے جس پر پوری قوم عساکر پاکستان کی سپاس گذار ہے۔ہمیں من حیث القوم پاکستانی پرچم کے سائے تلے ایک ہونے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد صرف خطے کا نہیں بلکہ ایک آزاد مملکت کاحصول تھا جہاں برابری کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور اسلامی اصولوں کی بنیاد پر انسانی رابطے قائم ہوں۔آج اگر ہم پاکستان کا دیگر ممالک سے موازنہ کریں تووہ معاشی طور پر پاکستان سے بہت آگے ہیں اور ان ممالک کی معاشی طورپر مستحکم ہونے کی وجہ محنت ہے کیونکہ وہ ہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو محنت کو عظمت سمجھتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج یوم آزادی کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یادرکھنا چاہیئے،میں بہادر کشمیریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتاہوں جن کے حوصلے گذشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی جانب سے کشمیر میں جاری بدترین ریاستی دہشت گردی کے سامنے پست نہیں ہوئے بلکہ ان میں جذبہ آزادی اور تیزی سے پروان چڑھ رہاہے اور ان کے حوصلے بلند ہورہے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment