Friday, 29 November 2024


شفاف امتحانات کےانعقادکیلئےتمام اداروں سےتعاون حاصل کیاجارہاہے،چیئرمین میٹرک بورڈ

کراچی: کراچی میٹرک بورڈ کے چیئرمین شرف علی شاہ نےدورانِ امتحان متعلقہ افراد کوہدایت جاری کردی۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں اور طلباء وطالبات کی سہولت کیلئے بورڈ کی ویب سائٹ  www.bsek.edu.pk  پر سینٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہیں۔چیئرمین بورڈنے نے بتایا کہ امتحانات کی نگرانی کیلئے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کیا جائے گا جہاں نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ کی خصوصی ٹیمیں رپورٹ کے حوالے سے اقدامات کریں گی۔

امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لئے ایک موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے اور یہ پرچے بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر پہنچائیں گے جہاں سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ مہر بند پرچے وصول کر کے اپنے امتحانی مرکز پہنچائیں گے اور جوابی کاپیاں اسکول سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ بورڈ میں جلد از جلد پہنچائیں گے۔

ویجلینس آفیسر ہر امتحانی مرکز پر روزانہ کی بنیاد پر وقت امتحان سے آدھے گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پر پہنچے گا اور دوران امتحان پورا وقت وہاں پر رہ کر نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات اور نگرانی کرے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ مرتب کر کے بورڈ میں قائم رپورٹنگ سیل میں جمع کرائے گا۔چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ ویجلینس آفیسر اپنی موجودگی میں مہر بند لفافے پر دستخط کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کیلئے اجتماعی کاوش کر رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بورڈ نے (کے الیکٹرک) انتظامیہ سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی ہے تاکہ بچے اچھے ماحول امتحانات دے سکیں۔

انہوں نے ناظم امتحانات اور دیگر افسران کوہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ تمام امتحانی مراکز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ امتحانات کے دوران امتحانی سینٹر کے باہر ہدایات آویزاں کریں کہ کسی بھی قسم کی ڈیوائس، موبائل فون یا کسی بھی قسم کے نقل کا موادہر گز اپنے ساتھ نہ لائیں۔ہم نے فول پروف انتظامات کے حوالے سے کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی، ڈائریکٹر ایجوکیشن کراچی، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول سندھ اور دیگر محکموں کو لیٹرز جاری کر دیئے ہیںتمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بورڈ سے لیٹر جاری کر دیئے گئے ہیں جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہو گی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔

 

Share this article

Leave a comment