Thursday, 28 November 2024


بابراعظم ورلڈکپ2023 کےلیے پُرعزم

لاہور: قومی کرکٹ کے کپتان بابراعظم نے ورلڈکپ کا خواب آنکھوں میں سجالیا۔

قومی کرکٹ کے کپتان بابر اعظم عالمی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون اور مسلسل 2 بار سال کے بہتر پلیئر کا ایوارڈ اپنے نام درج کرواچکے ہیں۔

آئی سی سی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میں رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں نہ صرف عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کیلیے پْر عزم ہوں بلکہ ٹائٹل بھی جیت کر عمران خان کی طرح تاریخ رقم کرنا چاہتا ہوں۔

بابر نے کہا کہ میگا ایونٹ سے قبل ہمیں کافی ون ڈے میچز کھیلنے کو مل رہے ہیں،ممکنہ پلیئنگ الیون نظروں میں ہے مگر کسی بھی ہدف کی جانب اچانک نہیں بڑھ سکتے،ایک ایک کرکے قدم اٹھانا پڑے ہیں،اس کیلیے سخت محنت اور پلاننگ کی ضرورت ہوگی۔ مجھے پوری امید ہے کہ ورلڈکپ سے قبل میزبان ملک بھارت کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم ایسا متوازن اسکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے جو توقعات کے مطابق کارکردگی پیش کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ کوئی بھی ٹائٹل جیتنے کیلیے مسلسل عمدہ پرفارم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، ہم اس کیلیے بھرپور تیاری کرتے ہوئے میدان میں اتریں گے۔

یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں شروع ہونے والے ورلڈکپ سے قبل پاکستانی کرکٹرز پی ایس ایل میں وائٹ بال کرکٹ کھیلیں گے، گرین شرٹس کو اپریل، مئی میں نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں 5ون ڈے میچز کھیلنے کا موقع ملے گا،افغانستان کیخلاف 3ٹی ٹوئنٹی یواے ای میں ہوں گے۔

ستمبر میں ایشیا کپ بھی 50اوورز فارمیٹ کا ہے جس میں تیاریوں کو جانچنے اور اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کا آخری موقع ہوگا۔

Share this article

Leave a comment