Thursday, 28 November 2024


وفاقی سطح پر جامعہ کراچی کی ڈی این اے لیب کےمعیارکااعتراف

کراچی۔ پاکستان نیشنل ایکریڈیٹشن کونسل (پی این اے سی)، اسلام آباد، وفاقی وزارت برائے سائینس اور ٹیکنالوجی نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)،جامعہ کراچی کے تحت چلنے والی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری(ایس ایف ڈی ایل)کو ’سرٹیفیکشن آف ایکریڈیٹشن‘دیاہے،پی این اے سی سے اسISOسرٹیفیکشن کے بعدایس ایف ڈی ایل جامعہ کراچی یہ اعزاز حاصل کرنے والی سندھ کی پہلی لیبارٹری بن گئی ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق معیار کی یہ منظوری ایس ایف ڈی ایل جامعہ کراچی کی ایس او پیز، اسٹاف کی اہلیت، لیبارٹری کے نتائج کے بین الاقوامی لیبارٹری کے نتائج سے موازنے اور آلات کی سہولیات کے مکمل جائزے کے بعد دی گئی ہےترجمان کے مطابق فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی کے شعبے کے معروف برطانوی ماہر ڈاکٹر ولیم گوڈون نے بھی سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل)، جامعہ کراچی کا کئی بار دورہ کیا ہے۔اس دوران ڈاکٹر ولیم گوڈون نے ایس ایف ڈی ایل، جامعہ کراچی میں تجزیہ کاروں کی لیبارٹری سرگرمیوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے لیبارٹری کی معیاری سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ لیبارٹری میں موجود جدید تحقیقی آلات اور کام کرنے کی صلاحیت کی تعریف بھی کی تھی۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے ایس ایف ڈی ایل کے انچارج اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشتیاق احمدخان اور ان کی ٹیم کواس کامیابی پر مبارکباد اوران کی قابلیت و محنت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایکریڈیٹشن ایک اہم سنگِ میل ہے جو ایس ایف ڈی ایل، جامعہ کراچی نے معیار کی بلندی کے اعتراف میں حاصل کیا ہے۔

دوسری جانب شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل اور ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر قائم یونیسکو چیئر کے نگراں (چیئر ہولڈر) پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے بھی ایس ایف ڈی ایل کی ٹیم کو اُن کی اس کامیابی اور کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔

Share this article

Leave a comment