Thursday, 28 November 2024


جامعہ این ای ڈی میں فلسطین یکجہتی ریلی کا انعقاد

کراچی: جامعہ این ای ڈی میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی سندھ)، فلسطین فاؤنڈیشن اور شعبہ اسٹوڈنٹ افئیر کی پیس سوسائٹی کے تحت ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ کی ترجمان فروا حسن کے مطابق فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے طلبا نے فلسطین کے حق میں پلے کارڈز تھامے اور نعرے بلند کیے۔

ریلی میں شریک طلبا و طالبات نے وزٹر گیٹ سے ایڈمن بلاک تک مارچ کیا۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بےرحمی دکھا رہی ہے جو کہ شرمناک ہے، فلسطینی بچے بھوک سے بلک رہے ہیں، میری درخواست ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دیں۔

فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب فقط مسئلہ امن کا نہیں، انصاف کا ہے۔ اپنی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں پر فلسطین کے پرچم لگائیں اور آگہی پھیلائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ڈیجیٹل میڈیا پر چلنے والی غلط خبروں پر کان نہ دھریں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹ کے صدر فہیم صدیقی کا کہنا تھا کہ فلسطین، فلسطینیوں کی سرزمین ہے۔ غاصب اسرائیل نے اس پر ناجائز صیہونی ریاست قایم کی ہوئی ہے ،جو کہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ ریجنل ڈائریکٹر ایچ ای سی جاوید علی میمن، معروف صحافی خاور حسین اور سوشل ایکٹوسٹ نازیہ علی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ اس وقت لاکھوں فلسطینی غزہ میں بھوک اور پیاس کا شکار ہیں۔ عالمی برادری کردار ادا کرے، بند راستے اور رفح کراسنگ کھلوائی جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم یہاں صرف احتجاج ریکارڈ کرنے کے لیے جمع نہیں ہوئے بلکہ آگہی پھیلانے آئے ہیں۔ ہمارا مقصد فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے ہونے والے ظلم و بربریت کو آشکار کرنا ہے۔

Share this article

Leave a comment