اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت ہونے والی 3روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے نامور ماہرین تعلیم اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے۔
براعظم ایشیا کے اہم ممالک سمیت امریکا، یورپ، چین، کینیڈا،جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے نامور ماہرین تعلیم فاصلاتی نظام تعلیم کے مختلف موضوعات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی 3روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کی 37ویں تین روزہ سالانہ کانفرنس کی پری ورکشاپ آج ہو گی۔ کانفرنس کا افتتاحی سیشن کل منگل کو صبح 9بجے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہوگا، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، خالد مقبول صدیقی افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ 20ممالک سے 80انٹرنیشنل جبکہ 200سے زائد پاکستانی ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔