Friday, 29 November 2024


شہر قائد ایک مرتبہ پھر شدید گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

ایمز ٹی وی(کراچی) شہر قائد کو ایک مرتبہ پھر شدید گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ کراچی میں ایک مرتبہ پھر سورج آگ برسانے لگا ہے اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔ گرمی کی وجہ سے متاثرین کو بروقت طبی امداد پہنچانے کے لئے محکمہ صحت نے شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے اثرات زائل کرنے کے لئے لوگ پانی اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور کسی ضرورت کے بغیر گھر سے باہرنہ نکلیں۔ ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا ہے کہ اس وقت ہوا کا کم دباؤ بحیرہ عرب میں موجود ہے، جس کی وجہ سے شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں، علاقے کو سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں کی گرم ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ شدید گرمی کی لہر اتوار اور پیر کو بھی جاری رہے گی تاہم پیر کی رات سے درجہ حرارت معمول پر آجائے گا۔ واضح رہے کہ جون میں کراچی میں شدید گرمی کے نتیجے میں 18سو سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

Share this article

Leave a comment