Friday, 29 November 2024


پنجاب میں موسلا دھار بارش

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور میں مسلسل بیس گھنٹے بارش ہونے کے باعث نظام زندگی معطل ہو گیا۔ پنجاب میں دریاﺅں اور ندی نالوں میں طغیانی سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا۔بارش کے دوران مختلف حادثات میں تیرہ افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ بارش پیر کی رات سے شروع ہوئی جو گزشتہ روز بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہی جس کی وجہ سے پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ مسلسل بارش کے باعث شہر میں 122فیڈر ٹرپ کرنے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ۔ دو فیڈر بند ہونے سے علامہ اقبال ایئر پورٹ آدھا گھنٹہ اندھیرے میں ڈوبا رہا ، مواصلاتی نظام بند ہونے کے باعث اسلام آباد سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 653 کو لاہور لینڈ کرنے کی اجازت نہ مل سکی۔چشتیاں ، ساہیوال ، سیالکوٹ ، پسرور ، اوکاڑہ میں بارش کے باعث گلیاں اور بازار جھیل کا منظر پیش کرنے لگے۔ ملتان میں جنرل بس اسٹینڈ کے قریب بارش کے باعث چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔فیصل آباد، وہاڑی، اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں حادثات کے باعث کئی افراد زخمی اور جاں بحق ہو گئے۔

Share this article

Leave a comment