Friday, 29 November 2024


فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت کرناہے، خورشید شاہ

ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق سندھ میں ایمرجنسی لگانا چاہتا ہے تو لگادے دھمکیاں نہ دے جس کا جو کام ہے اسے وہی کرنا چاہئے اور فوج کاکام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے۔اس حوالے سےان کا مزید کہنا تھا کہ ایک صوبے کو دھمکی دی جارہی ہے کہ ہمارے پاس اور بھی آپشنز ہیں اور اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا ہونا چاہیے، اسحاق ڈار نے کہا تھا ’’ہاں میں منی لانڈرنگ کرتا ہوں‘‘ کیا یہ سب باتیں بھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس آپشنز ہیں تو استعمال کرے اور گورنر راج لگانا ہے تو وہ بھی لگائے مگر دھمکیاں نہ دی جائیں جب کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی وڈیو ضرور لائیں مگر اس کے ساتھ رانا مشہود کی ویڈیو بھی سامنے لائی جائے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کرے وزیر داخلہ نے جو پریس کانفرنس کی اس میں وزیراعظم کا کتنا کردار ہے مجھے اس کا علم نہیں ہے، ہم نے جمہوریت کے لیے جیلیں اور جلاوطنی کاٹی اور کوڑے کھائے لیکن کچھ لوگ مزے سے گھروں میں رہے اور اس وقت بھی کچھ لوگ گھروں میں بیٹھ کر اپنی سیاست کو زندہ رکھ رہے تھے۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ہم نے جب بھی ایک دوسرے کے گریبان میں ہاتھ ڈالا فائدہ کسی اور کا ہوا ہے جب کہ پیپلزپارٹی نے کبھی رینجرز کے اختیارات میں رکاوٹ نہیں ڈالی، ہم نے تو اپنےاختیارات بھی رینجرز کو دے دیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کاکام انصاف فراہم کرنا اور سیاستدانوں کا کام سیاست کرنا ہے۔

Share this article

Leave a comment