Friday, 29 November 2024


قادر بخش رندپرنیب اور محکمہ اینٹی کرپشن کے مقدمات!

ایمز ٹی وی(تعلیم) ریجنل ڈائریکٹر (پرائیویٹ اسکولز)حیدرآبادگریڈ 19کے قادر بخش رند کوگریڈ 20کی پوسٹ پر چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ جامشوروکا بھی اضافی چارج دے دیا گیا تھا۔ جنہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام بھی شروع کردیا تھا۔ قادر بخش رند سے متعلق بتایا جاتا ہے کہ وہ گریڈ 17میں فزکس کے لیکچرار تھے انہیں 2003میں سندھ ٹیسکٹ بک بورڈ جامشورو میں تعینات کیا گیا اور وہ گزشتہ کئی برسوں تک چیئرمین اور سیکریٹری بورڈ کے عہدے پر تعینات رہے ہیں۔انہیں اچانک دوبارہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ جامشورو کا بحیثیت چیئرمین تعینات کرنے پربورڈ کے ملازمین اور افسران ششدر رہ گئے کیونکہ قادر بخش رند پر نیب اور اینٹی کرپشن کے مقدمات اور انکوائریز چل رہی ہیں۔ نصابی کتب کی چھپائی کے سلسلے میں کروڑوں روپے کی رقم پیپرز ملز مالکان کو ادا کردی گئی تھی لیکن ملز مالکان سے کاغذ وصول نہیں کیا گیا تھاجس پر نیب حکام نے قادر بخش رند اور دیگر کےخلاف مقدمہ نمبر 142/2011 درج کر کے گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بچ کر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ جس کے بعد انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری بھی حاصل کی ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر محکمہ ایس اینڈ جی نے وزیر اعلی کے احکامات پر 19گریڈ کے نان کیڈر قادر بخش رند کوخصوصی طور پر 20گریڈ کی کیڈر پوسٹ کا اضافی چارج دیا تھا۔ قادر بخش رند کا کہنا تھا کہ انہیں حکومت سندھ نے یہ اضافی ذمہ داری دی تھی میں خود اسکا خواہشمند نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بنایا جانے والا نیب کا مقدمہ ختم ہوچکا ہے۔ جبکہ دوسری جانب نیب حکام سے رابطہ کرنے پر مذکورہ مقدمے کے خاتمے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

Share this article

Leave a comment

comment1