Thursday, 28 November 2024


بالی ووڈ کے ساتھ مشترکہ فلمسازی میں کوئی حرج نہیں،زارا شیخ

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) اداکارہ زارا شیخ نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کا نیا جنم ہوچکا، نئے آنے والوں کو چاہیے کہ وہ سنیئرز کو بھی اپنے ساتھ لے کر چلیں،اچھی آفر ہوئی تو فلم ضرور کروں گی،بالی ووڈ کے ساتھ مشترکہ فلمسازی میں کوئی حرج نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا ۔ اداکارہ کا کہناتھا میری بات سچ ثابت ہوئی ،شروع دن سے کہہ رہی تھی کہ پاکستان فلم انڈسٹری دوبارہ سے اپنے پاؤں پرکھڑی ہوگی ، اس کے مستقبل سے مایوسی نہیں ہوں۔پچھلے تین سالوں میں پاکستانی فلموں کو جس طرح ملک اور بیرون ملک پذیرائی مل رہی ہے ۔ اس نے فلم انڈسٹری کے مردہ جسم میں جان ڈال دی ہے۔

زارا شیخ نے کہا کہ افسوس یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ اب جب فلم انڈسٹری ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکی ہے تو کچھ عناصر اسے کراچی اور لاہور میں تقسیم کرنے میں لگ گئے ہیں ۔ اس طرح کی افواہیں اڑانے کا مقصد صرف فلم انڈسٹری کی بحالی پر کام کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ نئے لوگوں کے ساتھ فلم انڈسٹری کے چند سنیئرز ہدایتکارہ سنگیتا ، شان ، سیدنور ، اقبال کشمیری ، پرویز کلیم ، شہزاد رفیق بھی شامل ہوگئے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ اگر چاہتی تو کب سے ٹی وی انڈسٹری کا حصہ بن چکی ہوتی مگر میرا پہلا اور آخری رومانس فلم ہی ہے ۔ زارا شیخ نے کہا کہ اب اداکارہ نور بخاری اور معمر رانا بھی بطور ڈائریکٹر فلمیں بنار ہے ہیں ان کی کامیابی کے لیے بھی دعا گو ہوں ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ بالی ووڈ کے ساتھ مشترکہ فلمسازی کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ، ایک بالی ووڈ فلم ’’آنر کلنگ‘‘ میں کام کرچکی ہوں جو بدقسمتی سے پاکستان میں نمائش نہیں ہوسکی ۔ اس طرح کی مزید کوئی بالی ووڈ سے آفر ہوئی تو ضرور کروں گی 

Share this article

Leave a comment