Thursday, 28 November 2024


پاکستان سپر لیگ نے ماضی کے اسٹارز کو بھی یکجا کر دیا

 
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ نے ماضی کے اسٹارز کو بھی یکجا ہونے کا موقع فراہم کردیا، ویوین رچرڈز، وسیم اکرم اور ڈین جونزاپنی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کے ساتھ یادیں بھی تازہ کرتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق 4فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے لیے فرنچائز ٹیموں کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے شام کو 4سے ساڑھے 6بجے تک آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس سیشن میں شرکت کی، ایک دن کی تاخیر سے اسکواڈ جوائن کرنے والے کپتان شاہدآفریدی کی آمد پر اسکواڈ میں زیادہ ہی جوش و خروش دکھائی دیا۔
کوچ محمد اکرم اپنے معاون اسٹاف کے ہمراہ سرگرم رہے، میدان کے دوسری جانب لاہور قلندرز ٹیم نے بھی اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے کام کیا،اس سے قبل صبح کراچی کنگز مکی آرتھر، سہ پہر کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی وسیم اکرم اور ڈین جونز کی رہنمائی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے رہے، اسی وینیو پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سر ویوین رچرڈز کی توجہ کا مرکز بنے، ماضی کے اسٹار کرکٹرز کو اپنے درمیان پاکر اسکواڈز کا عزم مزید پختہ ہوگیا۔وسیم اکرم، ڈین جونزاور ویوین رچرڈز کو ایک دوسرے کے کیمپ میں جاکر اپنی یادیں تازہ کرنے کا موقع بھی ملتا رہا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان اظہرعلی نے کہا کہ ہم لیگ کے اولین ایڈیشن میں شرکت کے لیے پُر جوش ہیں، نئے ٹیلنٹ کے ساتھ ٹیم میں پہلے سے موجود کرکٹرز کو بھی سیکھنے کا موقع ملے گا، پشاور زلمی کے جیمز ایلنبائی نے کہاکہ اسکواڈ متوازن اور ٹائٹل جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، وہاب ریاض اور جنید خان کے ساتھ اسپیڈ اسٹار شان ٹیٹ کی شمولیت پیس بیٹری کو مہلک بنادے گی، شین واٹسن نے کہا کہ پی ایس ایل میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی بہترین تیاری ہوگی، سابق عظیم کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، حالات بہتر ہونے پر پاکستان میں کھیلنے کر خوشی ہوگی۔

Share this article

Leave a comment