Friday, 29 November 2024


ونڈ پاور کے سب سے بڑے منصوبے پر کام شروع

ایمز ٹی وی (بزنس) پاکستان میں ہوا سے توانائی کے سب سے بڑے منصوبے پر حکومت پنجاب نے کام شروع کر دیا۔ حکومت پنجاب نے ڈنمارک کی ونڈ انرجی کی مشہور کمپنی ویسٹاس ونڈ سسٹمز کو250 میگاواٹ کے4 پاور پلانٹس کے قیام کے لیے اظہار دلچسپی کا خط جاری کر دیا جو مجوزہ طور پر جنوبی پنجاب میں قائد اعظم ونڈ پارک میں قائم کیے جائیں گے جس سے1000 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ ڈنمارک کے سفارتخانے کے مطابق پاکستان توانائی کے شدید بحران کودورکرنے کے لیے پنجاب حکومت متبادل ذرائع تلاش کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ویسٹاس نے جنوبی پنجاب میں ونڈ انرجی کے منصوبوں کے لیے اس صنعت کی مشہور ٹیکنالوجی سائٹ ہنٹ کا استعمال کرتے ہوے 2014میں مفصل تجزیہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ونڈ انرجی کے 250 میگاواٹ کے4 پاور پلانٹ کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی مجموعی صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ تک ہوگی۔ حکومت پنجاب اور ویسٹاس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط فروری 2015میں دستخط کیے گئے تھے۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق ویسٹاس ڈینش سفارتخانے کے تعاون سے پنجاب حکومت کو ونڈ انرجی کے ایک ہزار میگاواٹ کے منصوبوں کے لیے 2.2 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری میں مدد دے گی۔ اظہار دلچسپی جاری کرنے کی تقریب وزیراعلی ہاؤس میں ہوئی جس میں وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اور ڈنمارک کے وزارت خارجہ کے پو لیٹکل ڈائریکٹر سفیر جسپرمو لر سورنسن، ویسٹاس ایشیا کے نائب صدر جرراڈکریوکے علاوہ دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔ ڈنمارک کے پولیٹیکل ڈائریکٹر جسپر مولر سورنسن جو کہ2013-2015 میں پاکستان میں سفیر بھی رہے ہیں اور انہوں نے ہی اپنی تعیناتی کے دوران وزیراعلی شہباز شریف کو ویسٹاس سے متعارف کروایا اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی کمپنیوں خاص طور پر توانائی کے شعبے میں انتہائی دلچسپی رکھتا ہے ا نہوں نے کہا کہ پاکستان متبادل توانائی کے ذرائع کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ونڈ انرجی کے حوالے سے وسائل سے مالا مال ہے اور ڈنمارک کی کمپنیاں اس شعبے میں تجربے،صلاحیت اور ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتی ہیں اور ویسٹاس اس سلسے میں کلیدی حثیت رکھتی ہے۔

Share this article

Leave a comment