Friday, 29 November 2024


اقوام متحدہ اور عالمی بینک کی شراکت

ایمز ٹی وی (بزنس) بینک دولت پاکستان نے عالمی بینک اور اقوام متحدہ کی شراکت سے ہمہ گیر مالیاتی رسائی اقدام (یونیورسل فنانشل ایکسس انیشیٹو) کا افتتاح کردیا۔

قومی مالی شمولیت حکمت عملی (این ایف آئی ایس) کے تحت پاکستان میں ہمہ گیر مالی شمولیت کے حصول کیلیے سرکاری اور نجی شعبے کی شرکت کو یقینی بنانے کیلیے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں نیدرلینڈکی ملکہ اوراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی مشیر شمولیتی مالیت برائے ترقی (یواین ایس جی ایس اے) میکسیما، ورلڈبینک گروپ کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف محمود وتھرا نے شرکت کی۔

ملکہ میکسیما نے مالی شمولیت کی بہتری کیلیے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مالی شمولیت کے حوالے سے حال ہی میں اختیار کردہ قومی مالی شمولیت حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کا عزم نئی سطح پر پہنچ گیا ہے، پاکستان نئی بلندیوں پر پرواز کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر حلقوں کی پرخلوص محنت کی بدولت پاکستان نے دنیا میں مالی شمولیت کی بے حد مضبوط بنیادیں قائم کردی ہیں، نئے ضوابط سے برانچ لیس بینکاری، بڑھتے ہوئے مائیکروفنانس شعبے، موثر نظام ادائیگی کی ترقی اور صارفین کی زیادہ تعمیری شناخت ممکن ہوئی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی پالیسی کا ایجنڈا شمولیتی اقتصادی نمو پر مبنی ہے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے مالی شمولیت کو شمولیت پر مبنی معاشی نمو کے حصول کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ اپنے خیرمقدمی کلمات میں اسٹیٹ بینک کی کوششوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے گورنرایس بی پی اشرف محمود وتھرا نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے مالی خدمات تک رسائی 2008 کے 12 فیصد سے بڑھ کر 2015 میں 23 فیصد ہو چکی ہے، اقوام متحدہ، ورلڈ بینک اور حکومت کے ماتحت ہمہ گیر مالی رسائی کے اقدام سے اس کی رفتار بڑھے گی اور یہ معاشرتی و معاشی صورتحال کی بہتری اور غربت کے خاتمے کا اہم محرک ثابت ہو گا۔

Share this article

Leave a comment