Friday, 29 November 2024


جامعات کی خودمختاری کی بحالی کےلئے کنونشن کا اعلان

ایمزٹی وی(تعلیم) ملک بھر کے یونیورسٹی اساتذہ کی تنظیم فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) کے رہنماؤں ڈاکٹر عارفانہ ملاح، ڈاکٹر شکیل فاروقی سندھ یونیورسٹیز ایکٹ میں کی گئیں ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے کراچی میں8 1 فروری کو جامعات کی خودمختاری کی بحالی کے لئے کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس کنونشن میں سندھ کی جامعات کے اساتذہ، دیگر صوبوں کی جامعات کے نمائندے، فپواسا کے عہدیداران، سول سو سائٹی کے ارکان، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد اور کالجز اور اسکولوں کے اساتذہ نمائندے شریک ہوں گے- جامعہ کراچی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ نے بار بار وعدے کرنے کے باوجود سندھ یونیورسٹیز ایکٹ میں کی گئی ترامیم کے خاتمے کے لئے مجوزہ ترامیم دوسال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود اب تک صوبائی اسمبلی میں پیش نہیں کیں- اساتذہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ اور اس کی جانب سے مذاکرات کرنے والے نمائندے سندھ کی جامعات کو درپیش مسائل کے حل میں سنجیدہ نظر نہیں آتے اور فپواسا سے کئے گئے تحریری معاہدوں سے انحراف کرتے ہوئے کسی جامعہ میں رجسٹرار اور کسی جامعہ میں پرووائس چانسلر مقرر کئے جا رہے ہیں- انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاہدے کے برعکس جامعات میں کی جانے والی رجسٹرار، پرووائس چانسلر اور ناظم امتحانات کی تقرریوں کو فورا منسوخ کرے اور جامعات کی خود مختاری کو بحال کرے بصورت ِ دیگر اساتذہ اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان 18فروری کو کنونشن میں کریں گے.

Share this article

Leave a comment