Friday, 29 November 2024


پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ، بھارت فیورٹ قرار

ایمز ٹی وی (کھیل) سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت میں گھمسان کا رن پڑے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر3 بجکر 5 م نٹ پر شروع ہوگا۔ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آج ہوگا جس کے لئے میدان سجالیا گیا جب کہ مبصرین کے مطابق روایتی حریفوں کے درمیان ہمیشہ کی طرح اس بار بھی میچ دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا جس میں بلو شرٹس کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں، ایونٹ کے آخری 2 میچوں کے برعکس اس مقابلے میں گرین شرٹس اپنی غلطیوں پر قابو پانے میں کامیاب رہے تو حریف سائیڈ کے خلاف کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایونٹ میں اب تک قومی ہاکی ٹیم کو3 میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل ہوئی، پاکستانی ٹیم نے پہلے میچ میں کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں3 گول سے شکست دی تھی لیکن اس کے بعد اگلے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، نیوزی لینڈ نے اسے 3 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرایا جبکہ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی، پاکستان بھارت سے ٹکرانے کے بعد اپنا پانچواں میچ 13 اپریل کو ملائیشیا اور چھٹا 15 اپریل کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔ بھارتی ٹیم نے جاپان اور کینیڈا کے خلاف اپنے میچ جیتے تاہم آسٹریلیا کے خلاف اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت کو 5 بار سلطان اذلان شاہ میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ پا کستانی ٹیم نے 3 بار ٹائٹل اپنے نام کیا،گزشتہ ایڈیشن میں گرین شرٹس ایونٹ کا حصہ ہی نہیں بن سکے تھے جبکہ بلو شرٹس نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا، ادھر دونوں ٹیموں نے سنسنی خیز مقابلے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، مسلسل 2 میچز کھیلنے کے باعث گرین شرٹس نے گزشتہ روز گراؤنڈ میں جا کر پریکٹس کرنے کے بجائے مکمل آرام کیا، شام کو ٹیم میٹنگ میں بلیو شرٹس کے خلاف میچ کی ابتدائی حکمت عملی تیار کی گئی، ادھر بھارت کے ہیڈکوچ رولینٹ اولٹمنز کو تشویش لاحق ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم اب تک کے مقابلوں میں تسلسل کے ساتھ پرفارم نہیں کر سکی۔

Share this article

Leave a comment