Friday, 29 November 2024


یاسر شاہ پر پی سی بی کی طرف سے ایک اور پابندی

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ اسپنر یاسر شاہ سے چاول اور روٹی چھڑوا دی، اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ دورئہ انگلینڈ کیلیے یاسر شاہ کا فٹ ہونا بہت ضروری ہے، لیگ اسپنر پابندی ختم ہونے کے بعد کرکٹ میں واپس آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپنرزکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور فٹنس کو غیرمعمولی بنانے کیلیے پلیئرز کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں لگائے جانے والے کیمپ میں12 اسپنرز یاسر شاہ، ظفر گوہر، ارسل شیخ، محمد اصغر، کرامت علی، عماد وسیم، محمد نواز، بلال آصف، شاداب خان، سلمان فیاض اور احمد شفیق شامل ہیں، گذشتہ روز بھی کھلاڑیوں نے شام کے سیشن میں فٹنس اور بولنگ کی بھرپور پریکٹس کی، اس موقع پر بولنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ سعید اجمل اور محمد حفیظ اچھے بولرز تھے، قومی ٹیم کواب دونوں کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ اس لیے ہم ایسے اسپنرز چاہتے ہیں جو اپنی کارکردگی سے ملک وقوم کا نام روشن کر سکیں،واضح رہے کہ حفیظ اب بطور بیٹسمین کھیلتے ہیں، مشتاق نے کہا کہ کیمپ لگانے کا مقصد کھلاڑیوں کی تکنیک اور فٹنس میں بہتری لانا ہے جس میں ہم کافی حد تک کامیاب رہے،کیمپ میں ابھی12کھلاڑی موجود ہیں، مستقبل میں مزید اسپنرز کو بھی بلا کرخامیوں کو دور کیا جائے گا، یاسر شاہ کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہاکہ 3 ماہ کی پابندی کے بعد ان کا کیمپ میں آنا خوش آئند ہے۔ کوشش کریں گے کہ وہ دورئہ انگلینڈ سے پہلے بھر پور ردھم میں آجائیں، میں نے انھیں مشورہ دیا ہے کہ چاول اور روٹی کا کم سے کم استعمال کریں، ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ عثمان قادر کو بھی کیمپ کا حصہ بنانے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا لیکن وہ ملک میں موجود نہیں تھے،رکن گورننگ بورڈ شکیل شیخ کے بیٹے کی شمولیت پرمشتاق احمد نے کہا کہ جونیئر کھلاڑیوں کے بارے میں مجھے زیادہ معلومات نہیں ہیں، البتہ جہاں تک ارسل شیخ کی بات ہے تو وہ اچھا اسپنر ہے۔

Share this article

Leave a comment