Friday, 29 November 2024


بورڈ نے انضمام کو 12لاکھ روپے ماہانہ دینے سے انکار کردیا

ایمز ٹی وی (کھیل) پی سی بی نے انضمام الحق کو12 لاکھ روپے ماہانہ دینے سے انکار کر دیا، سابق کپتان کو افغان بورڈ بطور کوچ اتنی ہی رقم دے رہا ہے، پاکستانی حکام کے مطابق سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید 5 لاکھ روپے لیا کرتے تھے انھیں اس سے کچھ زائد معاوضہ دینا ہی ممکن ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق انضمام الحق کو افغان کرکٹ بورڈ کوچنگ کیلیے ماہانہ 12 لاکھ روپے تنخواہ ادا کرتا ہے، انھوں نے پی سی بی کو جب اس بابت بتایا تو حکام نے ان سے معذرت کرلی کہ اتنی رقم دینا ممکن نہ ہوگا، افغانستان انھیں غیرملکی کوچ کا معاوضہ دے رہا ہے جبکہ یہاں وہ مقامی چیف سلیکٹر ہوں گے، بورڈ ہارون رشید کو 5لاکھ روپے ماہانہ دے رہا تھا، اس سے کچھ زائد انھیں دے سکے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ6 سے 7 لاکھ روپے میں ڈیل ہونے کا امکان ہے۔ انضمام الحق نے اپنی مرضی کے سلیکٹرز رکھنے کا مطالبہ بھی کیا جسے بورڈ چیف شہریارخان نے منظور کر لیا، سابق کپتان آئندہ ہفتے فہرست پیش کریں گے۔ سابقہ سلیکشن کمیٹی سے بھی ایک سلیکٹر کو لیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ انضمام بھی پی سی بی کی پیشکش قبول کرنے کا ذہن بنا چکے اور آئندہ 1،2روز میں ان کے تقرر کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا، بطور چیف سلیکٹر انھیں کار، پیٹرول، موبائل فون و دیگر مراعات بھی حاصل ہوں گی، ان کا کام سال میں بس چند ٹیمیں منتخب کرنا ہی ہوگا، ایسے میں 7 لاکھ روپے ماہانہ ملنا بھی گھاٹے کا سودا ثابت نہیں ہوگا۔

Share this article

Leave a comment