Thursday, 28 November 2024


اوپر بیٹھے لوگ دوستی نہیں چاہتے، غلام علی

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستان کے معروف غزل گلوکار غلام علی نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان خارجہ سیکریٹری سطح کی مذاکرات کی کامیابی خواہش کے ساتھ کہا کہ اوپر بیٹھے لوگ نہیں چاہتے کہ دونوں ملکوں کے لوگ مل جل کر رہیں۔ غلام علی گنگا جمنی تہذیب کے معروف شہر بنارس میں مسلسل دوسرے سال پروگرام پیش کریں گے۔ وہ وارانسی کے سنکٹ موچن کنسرٹ میں منگل کو اپنا پروگرام پیش کر رہے ہیں۔

پروگرام میں شرکت کے لیے وہ ان دنوں وارانسی میں ہیں اور انھوں نے ہندوستان اور تعلقات میں بہتری کی دعا کی ہے۔ ہند و پاک تعلقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے ہنستے ہوئے کہا: ’ہمارے اوپر جو بڑی طاقتیں ہیں ان کی وجہ سے بھی یہ گڑبڑ ہوتی ہے۔ کیونکہ اوپر والے لوگ یہ نہیں چاہتے کہ یہ آپس میں مل کر بیٹھیں۔ حالانکہ ہمسائے آپس میں بھائی ہوتے ہیں۔ اور ان میں تو پریم ہی ہونا چاہیے۔‘ خیال رہے کہ دہلی میں منگل کو دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریوں کے اجلاس کا امکان ہے۔

فنکاروں کے تعلق سے دونوں ملکوں میں ہونے والی سیاست کے سوال پر غلام علی نے کہا کہ ’فنکاروں کا اس معاملے میں دخل نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’دونوں ملکوں میں محبت بڑھے اور ہم محبت کا پیغام دیتے ہیں۔‘ رواں سال انڈیا کے کئی شہروں میں پاکستان فنکار کے خلاف احتجاج کے نتیجے میں غلام علی کے پروگرام منسوخ کر دیے گئے تھے۔اس پر انھوں نے اپنے مخالفین کے لیے دعا کی کہ انھیں اچھی سمجھ عطا ہو۔ انھوں نے کہا کہ چاہے وہ کھیل کا میدان ہو یا پھر گیت و موسیقی کا پلیٹ فارم، دونوں ہی ممالک کے عوام امن اور بھائی چارہ چاہتے ہیں لیکن ’چند مٹھی بھر لوگوں کو شاید یہ گوارا نہیں۔

 

Share this article

Leave a comment