ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن( سینٹر ) کی سینٹرل کونسل کا اجلاس صدر پی ایم اےسینٹرل ڈاکٹر عزیز احمد لہڑی کی صدارت میں ایم پی اے ہوسٹل کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ پی ایم اےکراچی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے پی ایم ڈی سی کو ایک نااہل باڈی میں تبدیل کرنے کے عمل کا سخت نوٹس لیا گیا ۔
پی ایم اے نے اس ریگیولیٹری باڈی کو ہمیشہ ایک شفاف آزاد اور خودمختار ادارہ بنانے کے لئے جدوجہد کی۔ پی ایم اے نے ان تمام کرداروں کو موردِ الزام ٹھہرایا جنہوں نے پی ایم ڈی سی کو ایک متنازع ادارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کیا اور اسکی تنظیم ِ نو کے عمل کو الجھا کے رکھ دیا ۔پی ایم اے نے مطالبہ کیا کہ پی ایم ڈی سی کو ایک مضبوط ریگیولیٹری باڈی بنانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ پی ایم اے اسلام آباد میں رواں ماہ ایک سیمینار منعقد کریگی جس میں تمام فریقین، پی ایم اے کی تمام برانچوں اور سول سوسائٹی کو مدعو کیا جائے گا۔