Friday, 29 November 2024


گوگل کی نئی ٹیکنالوجی ڈیجیٹل برش متعارف

ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی)برش کے ذریعے کاغذ پر پینٹ کرنا بھول جائیں کیونکہ گوگل کی نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ورچوئل ریئلٹی میں رہتے ہوئے ایسی پینٹنگ کی جا سکے گی جسے نہ صرف دیکھا جا سکے گا بلکہ خود کو اس کے اندر محسوس بھی کیا جا سکے گا۔

ورچوئل ریئلٹی یعنی مجازی حقیقت ہماری زندگی کے کئی حصوں کو بدلنے جا رہی ہے۔ یہ آنے والے دنوں میں مصوری کو بھی بالکل بدل کررکھ دے گی۔ اس کی مدد سے مصور ایسے منظر بنا سکیں گے جن کو نہ صرف دوسرے دیکھ سکیں گے بلکہ خود کو ان کے اندر محسوس کرسکیں گے۔ گوگل کی نئی تکنیک ٹلٹ برش کی مدد سے آپ اپنے مجازی اسٹوڈیو میں تھری ڈی دنیا بنا سکیں گے۔ اس کے ٹول باکس میں ایچ ٹی سی وائیو ہیڈ سیٹ اور ہینڈ کنٹرولر ہوگا جنہیں استعمال کرتے ہوئے انسان اپنے سامنے دنیا جہاں کے رنگ بکھیرتے ہوئے ایک تھری ڈی منظر کی تخلیق کر سکے گا۔

گوگل کے اس ڈیجیٹل برش سے ایسی منظر کشی کی جا سکے گی جو اس سے پہلے ممکن نہ تھی۔ پینٹنگ میں پھول پتے وغیرہ بنانا تو عام سی بات ہے اس کے ذریعے جلتی ہوئی آگ، گرتی ہوئی برف باری اور چمکتے ہوئے ستارے بھی پینٹ کیے جا سکیں گے۔ کسی باغیچے کی منظر کشی اس طرح ہوگی کہ دیکھنے والے اس کے اندر گھوم کر اسے صحیح معنوں میں محسوس کرسکیں گے۔ اس طرح فنکاروں کو اپنے فن کے مظاہرے کے لیے کینوس کے سامنے گھنٹوں نہیں گزارنا ہوں گے بلکہ اپنے ورچوئل اسٹوڈیو میں رہتے ہوئے چند منٹوں میں وہ ایک دنیا تخلیق کر سکیں گے۔ یہ منظر ان کے اسٹوڈیو کے اندر ہی قید نہیں رہے گا بلکہ اسے دوسروں کو بھی وی آر والک تھرو کے ذریعے بھیجا جا سکے گا۔

Share this article

Leave a comment