Friday, 29 November 2024


مائیکرو سافٹ نے بات کرنے والا آئینہ متعارف کرادیا

ایمزٹی وی (ٹیکنالوجی) صبح صبح ا±ٹھ کر آئینہ دیکھنا سب کا روز مرہ کا معمول ہے لیکن اگر یہی آئینہ آپ کو خوش آمدید کہے اور ساتھ میں موسم کا احوال بتائے بلکہ یہ بھی بتائے کہ آپ کے دفتر جانے والے راستے میں ٹریفک کی صورت حال کیا ہے تو کیسا رہے گا۔ مائیکروسافٹ نے ایسا جادوئی آئینہ تیار کیا ہے جو یہ تمام باتیں آپ کو بتاسکتا ہے۔ سنگاپور میں معنقد ہونے والی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کانفرنس 2016 میں مائیکروسافٹ نے اپنے نئے جادوئی آئینے کو متعارف کرا دیا ہے۔ یہ آئینہ مائیکروسافٹ کی سنگاپور ڈیویلپرز کی ٹیم نے انٹرنیٹ آف تھنگز کے حوالے سے تیار کیا ہے۔ مائیکروسافٹ کے اس جادوئی آئینے پر ایک ویب کیم نصب ہے جو صارفین کا چہرہ پہچان کر انہیں خوش آمدید کہہ سکتا ہے۔

اس جادوئی آئینے میں ذاتی استعمال کے لیے 8 افراد کی پروفائلز بنائی جاسکتی ہیں۔ اس طرح یہ چہرہ پہچانتے ہی انہیں لاگ ان کر دیتا ہے۔ یہ بطور آئینہ تو کام کرتا ہی ہے لیکن ساتھ میں صارفین کو ان کی پسند کے مطابق معلومات بھی دکھاتا ہے۔ چہرہ دیکھ کر یہ جذبات کا اندازہ بھی لگا سکتا ہے کہ اس وقت انسان غصے میں ہے یا مسکرا رہا ہے۔ یہ آئینہ فی الحال ڈیمو مراحل میں ہے اور مائیکروسافٹ کا ارادہ اس میں مزید فیچرز شامل کرنے کا بھی ہے جیسے کہ ٹوئٹر اور فیس بک کی نیوز فیڈ دکھانا۔

کاروباری لحاظ سے دیکھا جائے تو تشہیری مہم چلانے والی کمپنیز کے لیے یہ ایجاد انتہائی کارآمد ثابت ہو گی۔ اگر کوئی اسکرین تشہیری مہم دکھا رہی ہو تو یہ کسی کو پتا نہیں چلتا کہ کتنے لوگ اس کی طرف متوجہ ہوئے لیکن اس آئینے پر دکھائے گئے اشتہار کو جتنے لوگ رک کر دیکھیں گے یہ ان کی تصویر بھی بنا سکتا ہے۔ اس طرح باآسانی لوگوں کی دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔ پچھلے دنوں سام سنگ نے بھی اپنے جدید آئینے کو متعارف کرایا تھا لیکن مائیکروسافٹ میجک مرر شاید اس سے بڑھ کر مفید ثابت ہو گا۔

Share this article

Leave a comment