Friday, 29 November 2024


گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں کمی

ایمز ٹی وی (تجارت) مالی سال 16-2015 کے گیارہویں ماہ کے چوتھے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.11 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بیورو شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 27 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران آٹا، آلو، کیلے، ٹماٹر، گڑ، ایل پی جی، دال مسور، دال ماش، چنے کی دال، مسٹرڈ آئل، دہی ، سرخ مرچ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ پیاز، زندہ مرغی، انڈے، لہسن، دال مونگ، گندم، ویجی ٹیبل گھی، چینی، سمیت 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، بجلی کے نرخ، گیس نرخ، چائے، کپڑے، خوردنی تیل، تازہ دودھ، ملک پاؤڈر، باسمتی چاول، اری چاول، بیف، مٹن، نمک، اور کھلا گھی سمیت 32 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں 8 ہزار تا 12 ہزار آمدنی، 12 ہزار تا 18 ہزار آمدنی، 18 ہزار تا 35 ہزار تک اور 35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.13، 0.14، 0.15 اور 0.16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

Share this article

Leave a comment