Friday, 29 November 2024


تارکین وطن کی متعدد کشتیاں ڈوبنے سے 700 افراد ہلاک

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)  اقوام متحدہ نے رواں ہفتے میں لیبیا کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی متعدد کشتیاں ڈوب جانے سے 700 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کے ترجمان فیڈریکو فوسی نے بتایا کہ ‘صورت حال بہت خراب ہے، ہم تعداد کے حوالے سے حتمی طورپر کچھ نہیں کہہ سکتے، لیکن ہمیں خدشہ ہے کہ رواں ہفتے میں تارکین وطن کی متعدد کشتیاں ڈوب جانے سے 700 افراد ہلاک ہوگئے’۔ ان حادثات میں بچ جانے والے افراد کا کہنا تھا صرف جمعرات کے روز لیبیا کے ساحلی علاقے سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والی ماہی گیروں کی ایک کشتی کے ڈوب جانے سے 500 افراد لاپتہ ہوئے، جن میں 40 بچوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جو زیادہ تر نومولود تھے’۔ اس کے علاوہ بدھ کے روز ایک اور کشتی ڈوب جانے سے 100 تارکین وطن لاپتہ ہوگئے تھے اور جمعہ کے روز ایسے ہی ایک واقعے میں 45 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔ یو این ایچ سی آر کی خاتون ترجمان کارلوٹا سمی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘ہم درست تعداد تو نہیں جانتے، ہم ان کی شناخت بھی نہیں جان سکتے، لیکن واقعے میں محفوظ رہنے والے افراد کا کہنا تھا کہ 500 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں’۔

Share this article

Leave a comment