Friday, 29 November 2024


اکاؤنٹ کے ہیک ہو جانے کی فوری اطلاع حاصل کریں

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)آئے دن آن لائن اکاؤنٹس ہیک ہوتے رہتے ہیں۔ کچھ ہی دن پہلے لنکڈان ویب سائٹ کے لاکھوں اکاؤنٹس ہیک ہوئے اور ان کا مکمل ڈیٹا بیس انٹرنیٹ پر جاری کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ صارفین کی اپنی غلطی کی وجہ سے بھی ان کے اکاؤنٹس ہیک ہو جاتے ہیں۔ کسی بھی اکاؤنٹ کے ہیک ہو جانے کی صورت میں سب سے ضروری بات یہ ہے کہ صارف کو فوری طور پر علم ہونا چاہیے کہ اس کا پاس ورڈ چوری ہو چکا ہے۔ اکثر صارفین اس بات سے لاعلم رہتے ہیں اور نقصان اُٹھاتے ہیں۔

کسی اکاؤنٹ کے ہیک ہو جانے کی فوری اطلاع فراہم کرنے کے لیے ایک نئی ایپلی کیشن ”ہیکڈ“ کے نام سے متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ یونیورسل ایپلی کیشن ونڈوز پی سی اور اسمارٹ فون پر انسٹال کی جا سکتی ہے۔ یہ ایپلی کیشن انٹرنیٹ پر ہیک شدہ اکاؤنٹس کی جاری ہونے والی تفصیلات پر نظر رکھتی ہے اور جیسے ہی آپ کے کسی اکاؤنٹ کا ذکر اس میں موجود ہو تو یہ فوری طور پر اس بات کی اطلاع دیتی ہے۔

اس ایپلی کیشن کے موجود ہونے سے صارفین کو خود بار بار اپنے اکاؤنٹس کی چھان بین نہیں کرنا پڑتی بلکہ ہر 12 گھنٹوں کے بعد یہ خود بخود بیک گراؤنڈ میں رہتے ہوئے کام کرتی رہتی ہے۔ یہ ایپلی کیشن پرائیویسی کی ضمانت دیتی ہے کہ آپ کی تفصیلات کسی دوسرے کو فراہم نہیں کی جاتیں۔ ہیکڈ ایپلی کیشن مائیکروسافٹ اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

Share this article

Leave a comment