ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) دنیا کے مختلف ملکوں میں قیام امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اقوام متحدہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری جنرل بان کی مون نے خصوصی شرکت کی جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل مقصود احمد نے کی۔ بین الاقوامی امن کے قیام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےبان کی مون کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ڈیڑھ لاکھ فوجی 23 ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جب کہ 7 ہزار سول سیکیورٹی اہلکار بھی اقوام متحدہ کی امن فورس کا حصہ ہیں۔ پاکستانی فوجیوں کی امن کے لئے خدمات کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم نواز شریف کی صحت کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ ان کا دل کا آپریشن کامیاب ہوا، وہ دعا گو ہیں کہ نوازشریف جلد صحت یاب ہوں۔ اقوام متحدہ میں تعینات پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ امن کےلئے پاکستان اور عالمی ادارے کے مقاصد یکساں ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے سب کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئے۔ ہمیں امن مشنز میں پاک فوج کے کردار پر فخر ہے۔ امن مشن کے اہداف کے حصول کےلئے پاکستان آئندہ بھی کردار ادا کرتا رہے گا۔
Leave a comment