Friday, 29 November 2024


فیس بک کے نئے فیچر سے پیسے بچائیں

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)ایک تحقیق کے مطابق فیس بک صارفین اوسطاً دن میں 14 مرتبہ فیس بک کو ضرور دیکھتے ہیں۔ اسمارٹ فونز کی بدولت اب سب ہی فیس بک پر 24 گھنٹے موجود ہوتے ہیں۔ فارغ اوقات کے علاوہ کام کے دوران اور حتیٰ کہ کھانا کھاتے ہوئے بھی فیس بک کو دیکھتے رہنا ہماری عادت بن چکا ہے۔ اسمارٹ فون پر فیس بک ایپلی کیشن بیٹری کے علاوہ انٹرنیٹ کو بھی خوب استعمال کرتی ہے۔ اگر آپ کے پاس محدود بینڈوڈتھ کا حامل انٹرنیٹ ہے تو فیس بک کو بھی دیکھ بھال کر استعمال کرنا چاہیے ورنہ یہ شوق ایک فضول خرچی میں بدل جاتا ہے۔ اگر آپ فیس بک کے بے دریغ انٹرنیٹ استعمال کرنے سے پریشان ہیں تو یہ پریشانی خود فیس بک ختم کرنے جا رہی ہے۔ فیس بک اینڈروئیڈ ایپلی کیشن کے لیے ایک نیا فیچر تیار کر رہی ہے جس کی بدولت فیس بک ایپلی کیشن زیادہ انٹرنیٹ کو استعمال نہیں کرے گی۔ اس فیچر کو Use Less Data کا نام دیا گیا ہے اور اسے آزمائشی بنیادوں پر محدود صارفین کو فراہم بھی کر دیا گیا ہے۔ آپ بھی فیس بک ایپلی کیشن کی سیٹنگ میں جا کر دیکھ سکتے ہیں کہ یہ فیچر آپ تک پہنچ چکا ہے یا نہیں۔ اس فیچر کے فعال ہونے کی بدولت فیس بک زیادہ بینڈوڈتھ استعمال کرنے والی بڑے سائز کی تصاویر کو خود بخود چھوٹا کرکے پیش کرے گی تاکہ ڈیٹا کی بچت ہو سکے۔ یہ فیچر نہ صرف انٹرنیٹ کا استعمال بچائے گا بلکہ فیس بک ایپلی کیشن بھی مزید تیزی سے کام کر سکے گی۔ امید ہے یہ کارآمد فیچر جلد تمام فیس بک صارفین کے لیے دستیاب ہو گا۔

Share this article

Leave a comment