Friday, 29 November 2024


ریشے دار غذائیں اب سانس کے لیے بھی بہتر ثابت

ایمزٹی وی(صحت)امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں واقع نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامنیشن سروے ( این ایچ این ای ایس) کی تازہ تحقیق کہتی ہے کہ ریشے دار غذائیں پھیپھڑوں کو تندرست اور سانس کی نالی کو درست رکھتی ہیں۔ اس ادارے نے حال ہی میں 2 ہزار افراد پر کئے گئے سروے کو شائع کیا ہے جس کے مطابق جن افراد نے اپنی خوراک میں فائبر یعنی ریشے دار خوراک کو ذیادہ رکھا ان کے پھیپھڑوں میں 68 فیصد بہتری دیکھی گئی جو نارمل کے مقابلے میں کہیں ذیادہ تھی۔ جن لوگوں نے ریشے والی خوراک کم کھائی تھیں ان میں سے صرف 50 فیصد افراد کے پھیپھڑے ہی درست اور پوری استطاعت سے کام کر رہے تھے، فائبر سے بھرپور غذائیں کھانے والے صرف 14 فیصد افراد کو سانس لینے میں کچھ دقت تھی جب کہ نہ کھانے والے والے 30 فیصد لوگوں میں یہ کیفیت دیکھی گئی۔ تحقیقی سروے سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جب پھیپھڑوں کا روایتی ٹیسٹ کرایا گیا تو ریشے دار خوراک کھانے والوں نے یہاں بھی بہترین کارکردگی دکھائی، اس ٹیسٹ کو مختصراً ایف وی سی کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق پھیپھڑوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے اور خوراک کے ذریعے ان کی دیکھ بھال کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ ریشے دار خوراک امراضِ قلب، بلڈ پریشر اور دیگر امراض سے بچاتی ہے۔ اس کے علاوہ پورے نظامِ ہاضمہ کی صحت بھی فائبر سے بہتر ہوتی ہے۔ سیب، شاخ گوبھی، ناشپاتی، گاجر، پالک، دلیہ، دو دالہ سبزیوں مثلاً تمام اقسام کی لوبیہ، السی کے بیج، پتے والی سبزیوں اور رسبری میں فائبر کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے۔

Share this article

Leave a comment