Friday, 29 November 2024


روئی کی قیمتیں2سال کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں

ایمزٹی وی(بزنس)روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں گزشتہ روزنمایاں اضافہ ہوا،پاکستان میں روئی کی قیمتیں 2 سال جبکہ بھارت، امریکا اور چین میں 7 سال کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں، چند روز میں قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پاکستان سے سوتی دھاگہ درآمد کرنے کے بڑے چینی آرڈرز، کپاس کی کاشت میں غیرمعمولی کمی اور روئی کی کھپت میں اضافے کے امکانات پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتیں بڑھیں، پاکستان میں روئی کی قیمتیں 300 روپے کے اضافے سے 6ہزار250 روپے فی من تک پہنچ گئیں جو گزشتہ 2 سال کی بلند ترین سطح ہے جبکہ چین میں جولائی وعدہ روئی کے نرخ 405 یوآن اضافے سے 15 ہزار 50 یوآن فی ٹن اوربھارت میں 45 ہزار روپے فی کینڈی سے بھی بڑھ گئے جبکہ امریکا میں اکتوبرہ وعدہ روئی کے سودے 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 5 سینٹ فی پاؤنڈ اضافے کے ساتھ 73 سینٹ فی پاؤنڈ ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں گزشتہ روز پھٹی 150 سے 200 روپے کے اضافے سے 3ہزار 250 سے 3 ہزار 425 روپے فی 40 کلو گرام تک فروخت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ اگر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سندھ اور پنجاب کے کاٹن زونز میں بارشیں شروع ہو گئیں تو اس سے روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

Share this article

Leave a comment