Thursday, 02 January 2025

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی میں علیٰ الصبح فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار شہید اور دوسرازخمی ہوگیاتھا جس پر لیاری کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، اس دوران نوالین میں گینگ وارکے عزیربلوچ کے گھرکے قریب رینجرزکے اہلکاروں پردوبارہ فائرنگ شروع ہوگئی۔ جوابی کارروائی کے دوران دو افراد مارے گئے جن میں سے ایک کی شناخت سرور بلوچ کے نام سے کی گئی ہے جو عزیزبلوچ کے قریبی ساتھی تصورکیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق ملزموں کے قبضے سے کلاشنکوف، ہینڈگرنیڈ اور سینکڑوں گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں ہیں۔

ایمز ٹی وی:(مٹھی) قحط کے شکار بچے سول اسپتال مٹھی میں زیر علاج ہیں جس میں سے مزید ایک اور بچہ چل بسا جس کے بعد رواں ماہ قحط کے باعث ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 28 ہوگئی جبکہ وزیر خوراک و صحت سندھ جام مہتاب ڈاہرنے تھر کے علاقے چھاچھرو میں بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور متعلقہ افسران کو متنبہ کیا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم اور کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق 10 بہترین بیٹسمین میں کوئی پاکستانی شامل نہیں جبکہ بولنگ اور بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کی حکمرانی بر قرار ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں کامیابی کے بعد 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پرا جمان ہے اور پروٹیز پانچ سالوں بعد پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ آسٹریلیا 114 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت تیسرے، سری لنکا چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور پاکستان کا 98 پوائنٹس کے ساتھ چھٹا نمبر ہے۔ یٹنگ کے شعبے میں کوئی پاکستانی بلے باز 10 بہترین ناموں میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا، جنوبی افریقا کے ہی اے بی ڈیویلئرز پہلی اور ہاشم آملہ دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں، اسی طرح ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر، آسٹریلوی کپتان جارج بیلی چوتھے، کمار سنگاکارا پانچویں، بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی چھٹے، دلشان ساتویں، کوائنٹم ڈی کوک آٹھویں ، شیکر دھاون نویں اور روس ٹیلر کا دسواں نمبر ہے۔ بولنگ کے شعبے میں بدستور پاکستان کی ٹاپ پوزیشن ہے اور پابندیوں کے شکار جادوگر اسپنر سعید اجمل کرکٹ گراؤنڈ سے حالیہ دوری کے باوجود 770 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، اسی طرح پابندیوں کی زد میں آنے والے ویسٹ انڈیز کے اسپن بولر سنیل نارائن 753 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، ڈیل اسٹین تیسرے، جیمز اینڈریسن چوتھے، مچل جونسن پانچویں، روندا جدیجا چھٹے، بھونیشور کمار ساتویں، محمد حفیظ آٹھویں، اسٹیون فن نویں اور کلنٹ میکی دسویں نمبر پر پراجمان ہیں۔ تین بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی پاکستان ٹاپ پر ہے ، محمد حفیظ کا 411 پوائنٹس کے ساتھ پہلا، سری لنکا کے انجیلو میتھیوز کا 387 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا اور بنگلادیشن کے شکیب الحسن کا 361 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

ایمز ٹی وی (لاہور) بھارتی فلموں کے غیر مہذب اور فحش گانوں نے پاکستانی نوجوانوں نسل کو تباہ کرنے کے دھانے پر پہنچادیا ،ان بیہودہ بھارتی فلمی گانوں میں سکولوں اور کالجز کے ناپختہ ذہنوں والے نوجوان لڑکے اورلڑکیوں کو گھروں سے والدین کو بتائے بغیر بھگانے کے طریقے اوروالدین سے نا فرمانی کی تعلیم دی جارہی ہے، معروف گلوکارہ صائمہ جہاں،

بھارتی گانوں میں انتہائی غیر مہذب لباس زیب تن کر کے بھارتی ماڈلز نے فحش اور بے شرمی کی انتہا کرتے ہوئے منشیات کا استعمال بھی دکھایا گیاہے ۔

گلوکار ہنی سنگھ کے گانے ”دیسی کلاکار “میں کالج کی لڑکیوں کو گھر سے بھگانے کے غیر مہذب مناظر شامل ہیں جن کو دیکھ کر پاکستان کی نوجوان لڑکیاں متاثر ہوکر ا ن کو اپنانے کی کوشش کرتی ہیں ۔جبکہ پاکستانی اداکار فواد خان اور سونم کپور پر فلمایا گیا گانا ”ماں کا فون آیا “ بھی ایسی سلسلے کی کڑی ہے ،بھارتی گانے ”ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے “ میں شراب کوکین اور دیگر منشیات کو بھی فلم بند کیا گیا ہے۔ صائمہ جہاں

ان گانوں سے متا ثر ہوکر پاکستانی نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو کر تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں جو پوری پاکستانی قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

گلوکارہ صائمہ جہاں نے کہا ہے کہ حکومت وقت کو ان گانوں پر فوری طور پر پابندی عائد کرنی چاہیے اچھا اور خاص میوزک انسان کی فلاح کرتا ہے اس حوالے سے حکومت کو مناسب اقدامات کرتے ہوئے ان کی ریلیزنگ پر فوری طور پر پابندی عائد کردینی چاہیے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پرقحط زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے پاک فوج کے چار دستے تھرپارکر روانہ کر دیئے گئے ہیں ، نقل مکانی اور راشن کی تقسیم کے لیے دو ہیلی کاپٹر بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق کراچی سے 4 کمپنیاں چھاچھرو، ڈلی اور مٹھی اضلاع بھجوائی گئی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 4 میڈیکل ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔ نقل مکانی اور راشن کی تقسیم کیلئے 2 ہیلی کاپٹر بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)کے مطابق صبح سے 900 متاثرہ خاندانوں کو خوراک اور پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے جبکہ دھرنا ختم ہونا کسی کی جیت نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی جیت ہے اور حکومت اس خوش فہمی میں رہے کہ طاہرالقادری چلے گئے تو بات ختم ہوگئی۔حکومت کو اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے مشاورت سے آگے بڑھنا چاہیئے۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے کئی برس بعد سیاسی پختگی دکھائی تاہم اسلام آباد میں جو ہوا اچھے کے لئے تھا، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سب سے مضبوط فورم ہے اور یہی مسائل حل کرسکتا ہے تاہم اب بھی پارلیمنٹ کا ایک گروپ باہر بیٹھا ہے اور میری خواہش ہے کہ طاہرالقادری کی طرح عمران خان بھی دھرنا ختم کردیں۔

ایمز ٹی وی(لاڑکانہ) لاڑکانہ میں نصرت بھٹو کی تیسری برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت میں اتحاد کی ضرورت نہیں تھی صرف جمہوریت کی خاطر ایم کیو ایم کے ساتھ رہے اور 2018 میں بھی ہمیں سندھ میں ایم کیو ایم کی حمایت کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لئے ہر سیاسی جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں لیکن کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، سندھ میں پیپلزپارٹی کو کسی کے ساتھ اتحاد کی ضرورت نہیں۔ ہم بھی طاقت کا استعمال کرسکتے ہیں لیکن اقتدار کے بھوکے نہیں،انہوں نے حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم لانگ مارچ کرتے تو شیر بلی بن کر بھاگ جاتا مگر ہم مضبوط اور محفوظ پاکستان چاہتے ہیں جس کے لئے عوام ہماری طاقت ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سابق وزیر داخلہ اور سینیٹر رحمان ملک نے اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی کی جس میں ملک کی مجمو عی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی حالات وسط مدتی انتخابات کی جانب جارہے ہیں تاہم اس حوالے سے پیپلزپارٹی پہلےکا موقف واضح ہے کہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چا ہیئے اس لئے وزرا کو چاہیئے کہ اپنے بیانات میں شائستگی لائیں اور آرام سے حکومت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی باتیں کرنے والے اپنے آپ کو دیکھیں اگر پنڈورا باکس کھول دیا تو کچھ نہیں رہے گا، حکومتی وزراء گالیاں دینا چھوڑ دیں اور حکومت پر توجہ دیں۔
سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ پیٹرول ڈیزل مہنگا ہونے کی باتیں گاڑیوں میں بیٹھے لوگوں کے منہ سے اچھی لگتی ہیں کسی لیڈر کے منہ سے نہیں، انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات ہونی چاہئے دھاندلی ثابت ہوجا نے پر حکومت کو گھر جانا چاہیئے جبکہ اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف بھی واضح کہ چکے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ثابت ہوگئی تو حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 9 زخمی ہو گئے۔ دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک گاڑی، موٹر سائیکل اور 3 دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے تخریب کاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائی شروع کر دی ہے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سینیٹر بابر غوری کا کہنا ہے کہ سندھ کی 80 فیصد متروکہ زمین کے مالک ہم ہیں اور یہ حق ہرقیمت پر لے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا اب غریب سندھی جاگ گیا ہے۔ سندھ میں کم از کم تین صوبوں سمیت ملک بھر میں نئے صوبے لازمی بنیں گے۔ اب مرنے جینے کی باتیں کرنے سے کام نہیں چلے گا۔ اپنا حق ہر قیمت پر لے کر رہیں گے۔ بابر غوری کا کہنا تھا کہ بلاول کس منہ سے کراچی کی بات کرتے ہیں۔ اگر کراچی پر مسلط ہونے کی کوشش کی گئی تو سندھ کے غریب ہاریوں کو غلامی سے نجات ہم دلائیں گے۔