Friday, 29 November 2024
Reporter SS

Reporter SS

خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع کے مدرسوں میں 300 سے زیادہ آلٹرنیٹ لرننگ پاتھ وے پروگرام سینٹرز کھولنے کا اعلان کردیا۔

قبائلی اضلاع میں 70فیصد لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں، تعلیمی اداروں سے باہر لاکھوں بچوں کو اسکول کے دریچوں تک لاناکے پی حکومت کیلئے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔

دوسری جانب قبائلی اضلاع میں ہونے والی دہشتگردی کے باعث بھی لڑکیوں کے اسکولوں کو بہت نقصان پہنچا ہے، ان بچیوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے کہا کہ اے ایل پی پروگرام کے تحت صوبے کے 27 اضلاع میں 1250 سے زیادہ سینٹرز قائم کیے گئے جہاں 62 ہزار سےزائد طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

لاہور: لاہور بورڈ نے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کےسالانہ امتحانات برائے2025 سے بائیو میٹرک حاضری متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔

امتحانی سنٹر میں داخل ہونے سے قبل بچوں کی بائیو میٹرک کی جائے گی، اس اقدا م سے جعلی امیدوار امتحانی سنٹر میں داخل نہیں ہو سکے گا۔رواں سال امتحانات میں درجنوں جعلی امیدوار وں کے خلاف یو ایم سی بنائے گئے ۔

بائیو میٹرک کا آغاز میٹرک امتحان 2025 سے کئے جانے کا امکان ہے ۔بورڈ حکام کے مطابق داخلے بھجواتے وقت بچوں کی انگلیوں کے نشانات اور لائیو تصاویر بھی لی جائیں گی۔

لاہور تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے جاری دوسرے سالانہ امتحانات کے دوران ایک روز میں 9جعلی امیدوار پکڑے گئے۔

تفصیل کے مطابق گزشتہ روز لارنس روڈ امتحانی کلسٹر سنٹر میںپارٹ ون انگریزی کے پرچے میں مجموعی طور پر9جعلی امیدوار پکڑے گئے

۔
صبح کی شفٹ میں کنٹرولر امتحانات زاہد میاں نے دورہ کیا ، 4جعلی امیدوار پکڑلئے ،عبداللہ کی جگہ علی حسن،نوید اشرف کی جگہ رضوان ،مبشر علی کی جگہ رحمت علی جبکہ محمد احمد کی جگہ محمد عثمان پیپر دیتا پکڑا گیا۔ دوسری شفٹ میں سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور آر سی او پروفیسر اعجاز نے سنٹر کا دورہ کیا ،5جعلی امیدوار پکڑے ۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے تمام جعلی امیدواروں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔

لاہور: لاہور میںسموگ کے باعث جمعہ اور ہفتہ کوتمام تعلیمی ادارے بند کرنےکی تجویز پیش کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود اور سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو تجاویز دی ہیں کہ لاہو رمیں جمعہ اور ہفتہ کو تمام سکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند رکھی جائیں جبکہ گلبرگ کے علاقے میں لبرٹی، ایم ایم عالم روڈ اور مین مارکیٹ کو بھی گرین لاک ڈاؤن کی فہرست میں شامل کیاجائے 

ذرائع کا کہناہے کہ سینئر وزیر اس حوالے سے آج پریس کانفرنس میں اعلان کریں گی ۔دوسری طرف ہوا کا رخ تبدیل ہونے کی وجہ سے بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس393 تک پہنچ گیا ہے جبکہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 280 پر ہے ۔

لاہور میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کردیں۔

انتظامیہ نے گرین لاک ڈاؤن ایریاز میں موٹرسائیکلوں کے اسٹینڈ بند اور چنگ چی رکشوں پر پابندی لگا دی ہے۔ایس پی ٹریفک سٹی منیر ہاشمی کے مطابق شملہ پہاڑی کے ارد گرد کا علاقہ گرین لاک ڈاؤن ایریا قرار دیا جا چکا ہے جس کے باعث ایجرٹن روڈ پر شاہین کمپلیکس اور نادرا دفتر کے باہر موٹرسائیکل اسٹینڈز ختم کردیے گئے ہیں۔

منیر ہاشمی نے بتایا کہ ایمپریس روڈ، ایجرٹن روڈ، ڈیورنڈ روڈ اور ڈیوس روڈ سے شملہ پہاڑی کی جانب چنگ چی رکشوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گرین ایریاز میں اسموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی ہے، شہر بھر میں دھواں پھیلانے والی گاڑیوں کےخلاف بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

بھارتی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوائنسر ثنا سلطان کے نکاح کی تقریب مدینہ منورہ میں ہوئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

بگ باس او ٹی ٹی 3 میں شرکت کرکے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ثنا سلطان نے محمد واجد سے نکاح کیا ہے، ان کے نکاح کی تقریب مدینہ منورہ میں ہوئی جو ایک انتہائی ذاتی نوعیت کی تقریب تھی۔

ثنا سلطان نے اپنی شادی کی تقریب کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئرز کی ہیں اور ساتھ ہی طویل کیپشن بھی لکھا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اپنے شوہر کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں بتایا مگر چند الفاظ کے ذریعے اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ الحمداللّٰہ! میں عاجزی اور خوشی کے ساتھ شیئر کر رہی ہوں کہ مجھے مدینہ جیسی پاکیزہ اور مقدس جگہ پر اپنے واجد جی کے ساتھ نکاح کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔

ثنا نے مزید لکھا کہ دوست سے زندگی کے ساتھی بننے کا ہمارا سفر محبت، صبر اور ایمان کا ثبوت ہے۔

اداکارہ کو ان کے دوستوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادیں دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے، اس کے علاوہ متعدد سوشل میڈیا اسٹارز نے بھی اداکارہ کو نکاح کی مبارکباد دی۔

پنجاب: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی اقبال ٹاؤن کا دورہ کیا۔

گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں قائم لیب کی اپ گریڈیشن کے بعدافتتاح کیا گیا۔لیب میں 25 کور آئی 5 کمپیوٹر، 86 ایل ای ڈی اور دیگر ضروری آئی ٹی کے آلات نصب کئے گئے ۔

صوبائی وزیر نے کورس کے تیسرے سال کیلئے چین جانے والے طلبا میں ویزے اور ائیر ٹکٹس تقسیم کئے۔

ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے تحت 38 طلبا 7 نومبر کو چین روانہ ہوں گے، رہائش اور تعلیم کے اخراجات چین کا ادارہ تھینگ برداشت کرے گا۔

لاہور: یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیرکی زیرِصدارت اکیڈمک کونسل کا اجلاس ہوا۔

اجلا س میں متعدد نئے تعلیمی پروگرامز شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

منظور کئے گئے پروگرامز میں بی ایس سی اپلائیڈ کمپیوٹنگ،انفارمیشن ٹیکنالوجی،گیمنگ اینڈ اینیمیشن، انفارمیشن سسٹمز ٹیکنالوجی،ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام انفارمیشن ٹیکنالوجی اورکمپیوٹر انجینئرنگ شامل ہیں۔

کونسل نے بورڈ فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ پلاننگ کی سفارشات پر بیچلر آف سائنس انٹیریئرڈیزائن کی بھی منظور ی دی۔

لاہور: پنجاب کی جامعات میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔

مختلف جامعات کی جانب سے ٹھیکیداروں کو21 کروڑ 70 لاکھ کی رقم زیادہ دینے کا انکشاف ہو اہے۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غلط اعدادوشمار کرکے ٹھیکیداروں کو زیادہ پیسے دئیے گئے ۔ کنسلٹنٹ سے بلڈنگ گرنے کے باوجود ریکوری نہیں کی گئی۔ مختلف ٹھیکیداروں کوزیادہ ریٹس پر کام دیا گیا ۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات نے الحاق شدہ کالجوں سے وصولیاں بھی نہیں کیں ۔

یاددہانیوں کے بعد پنجاب یونیورسٹی نے کالجوں سے 15 کروڑ 40 لاکھ روپے نہیں لئے ۔ خواجہ فرید یونیورسٹی نے 50 لاکھ کے قریب ریکوری نہیں کی ۔ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ نئے وائس چانسلر نے اس کا نوٹس لیا اور کافی اداروں سے ریکوری ہو چکی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کیخلاف شکست کے بعد لب کشائی کردی۔

میلبرن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں وکٹوں سے شکست کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ حالات کچھ بھی ہوں، ہم لڑیں گے اور جیت کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کینگروز کیخلاف ٹیم نے اچھا مقابلہ کیا البتہ نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے۔ ٹیم نے جس طرح فائٹ کی اس پر فخر ہے، رضوان نے حارث رؤف کی بالنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انکی غیر معمولی کارکردگی نے پاکستان کو میچ میں رکھا۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب سے رضوان نے سب سے زیادہ 71 گیندوں پر 44 رنز بنائے جب کہ نسیم شاہ نے 39 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف 46.4 اوورز میں صرف 203 رنز بناسکی اور پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا نے صرف 34 اوورز میں 8 وکٹوں پر 207 رنز بناکر میچ اپنے نام کیا، اس میچ میں حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا کو 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

Page 21 of 2428