کراچی: تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے تمام بورڈ سے الحاق شدہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں کو سالانہ امتحانات سال 2023ء جماعت دہم سائنس وجنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ کے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول سربراہان بورڈکی آفیشل ویب پورٹ online.bsek.edu.pk سے ایڈمٹ کارڈ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ناظم امتحانات نے واضح ہدایت دی ہے کہ بورڈ آفس کی طرف سے قائم کئے جانے والے صرف امتحانی مراکز کے اسکول اپنا امتحانی سامان وصول کرنے کے بعد اپنے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ متعلقہ سیکشن سے ہی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے اسکول سربراہان کو کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی مشکلات کے پیش آنے کی باعث بورڈ آفس کے گراؤنڈ فلور کمرہ نمبر 24 میں آصف علی موبائل نمبر 03452067858 سے رابطہ کریں۔اسکول سربراہان اپنے اسکول کوڈ سے ویب پورٹل کو Login کر سکتے ہیں۔
کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریزکاتیسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔سیریز کا تیسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا۔
اگر قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر کیویز کو 5 میچز کی سیریز میں وائٹ واش کرتی ہے تو آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قابض ہوجائے گی تاہم اگر کامیابی کا تناسب 1-4 رہا تو پاکستان تیسری پوزیشن پر آسکتا ہے۔
دوسری جانب میچ کے دوران سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی تمام سڑکیں بند کی جائیں گی جبکہ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی رینجرز اہلکاروں کے سپرد کی گئی ہے اور سیکیورٹی کے پیش نظر شائقین کو کسی بھی قسم کا آتش گیرمادہ، سگریٹ، لائٹر اور سیاسی پرچم ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں۔
حیدرآباد: حید رآباد بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے2023 کاآغاز 30مئی سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد انٹرمیڈیٹ بورڈ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت گیارہویں و بارہویں جماعت کےتمام گروپس کے امتحانات 30مئی سے دو شفٹوں میںہونگے۔
پہلی شفٹ کا پرچہ صبح9:30 سے12:30 بجے تک اور سیکنڈ شفٹ کا پرچہ سہہ پہر2:30 سے شام 5:30 بجے تک ہونگے۔
اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کی کوالٹی ایشورنس ایجنسی کے ماہرین کی ایک کمیٹی نے ادارہ جاتی کارکردگی کے جائزے (IPE) اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز ریویو (PGPR) کیلئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا 3 روزہ دورہ کیا ۔
استقبال جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی نے کیا۔ ایچ ای سی ماہرین کی ٹیم میں پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ ذکی بطور بیرونی جائزہ کار اور کنوینر آئی پی ای، ڈاکٹر حنا حسین کاظمی بطور بیرونی جائزہ کار اور کنوینر PGPR، سلیم الدین بیرونی جائزہ کار IPE اور عنبرین آصف قریشی بطور بیرونی جائزہ کار PGPR شامل تھیں جبکہ ایسوسی ایٹ ریویورز میں وقار الحسن، ونگ کمانڈر جمیلہ سید، عاطف شہاب بٹ، ماریہ اسد اور ام ایمن شامل تھیں۔
ماہرین کی ٹیم نے یونیورسٹی کے تمام محکموں اور انتظامی شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں کی قیادت، فیکلٹی اور طلباء سے ملاقات کی تاکہ ان کی بہبود اور مسائل کے بارے میں معلومات لے سکے۔ وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے مذکورہ دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنل پرفارمنس ایویلیوایشن اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام ریویو ایک اہم عمل ہے جو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے، اس طرح کے دوروں سے جامعہ میں جاری پروگرام کی کامیابی اور متوقع بہتری کی نشاندہی ہوتی ہے۔
یہ دورے فیکلٹی کی بہبود اور انکے تاثرات سے آگاہی کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں، جو پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کی مہارتوں اور قابلیت کو بڑھانے کے لیے ضروری ہیں۔ پروفیسر امجد سراج میمن نے کوالٹی انہانسمنٹ سیل اور فیکلٹی ارکان کو ان کے باہمی تعاون اور تعلیمی تعاون پر سراہا، خاص طور پر ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کیو ای سی ثریا خاتون کو جنہوں نے اس دورے کا اہتمام کیا۔
ماہرین کے پینل نے یونیورسٹی کی کوششوں کا جائزہ لیا اور وائس چانسلر و کوالٹی انہانسمنٹ سیل کو مزید بہتری کیلئے سفارشات پیش کیں۔ دورے کے اختتام پر وائس چانسلر نے ماہرین کی ٹیم کو سووینئرز بھی پیش کیے۔
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سال اوّل و دوم کے سالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری کردی۔
فیڈرل بورڈکے تحت گیارہویں و بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات 25مئی سے ہونگے۔
بورڈامتحانات دو شفٹوں میں منعقد ہونگےصبح کی شفٹ کا پرچہ صبح 9بجے سے دوپہر 2 1بجے تک، شام کی شفٹ
2سے 5بجے تک ہونگے۔امتحانی مراکز میں موبائل فونز لانے پر پابندی ہوگی۔
کراچی: مسلمان عید الفطر کے بعدعید الاضحٰی کے منتظر رہتے ہیں اور اس عید پر دنیا بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئےجانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔
مصر کے فلکیاتی کلینڈر پر عید الاضحی اور حج کے چاند کی متوقع تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق اس سال یوم عرفات 27 جون 2023 بروز منگل کو اور عید الاضحیٰ 28 جون 2023 بروز بدھ کو ہوگی، عرفہ کے روز مسلمان حج کی ادائیگی کیلئے عرفہ کے میدان میں جمع ہوتے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق اس سال حج کا آغاز 26 جون کو متوقع ہے۔
فلکیاتی کلینڈر کے مطابق عید الاضحٰی کے چاند کی پیدائش شوال کی 29 تاریخ 1444 بروز بدھ 28 جون کو مصر اور قاہرہ کے وقت کے مطابق 6 بج کر 38 منٹ پر ہوگی۔
جہاں تک عرب اور اسلامی دارالحکومتوں اور شہروں کا تعلق ہے، نیا چاند اس دن غروب آفتاب کے بعد 7 سے 44 منٹ کے درمیان رہے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حج اور عید الاضحیٰ کی تاریخوں میں سعودیہ کی چاند دیکھنے والی کمیٹی کے باضابطہ اعلان تک تبدیلی کی جاسکتی ہے۔
کراچی: شہر قائد میں آج دن کے وقت موسم نسبتاً گرم و مرطوب جبکہ شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق مغربی سسٹم کا پھیلاو مشرقی بلوچستان پر برقرار ہے جس کے سبب اگلے 2 سے 3 روز کے دوران دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے کچھ اضلاع میں 5 مئی کو بھی بارشیں متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں شام کے وقت تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی آگئی۔
کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے نہم و دہم کے ایڈمٹ کارڈز جاری کردیئے۔
ناظم امتحانات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی حبیب اللہ سہاگ نے کہا ہے کہ سالانہ امتحانات 2023 جماعت نہم و دہم پرائیویٹ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان دیئے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں۔
تمام امیدواروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ایڈمٹ کارڈ نہ ملنے کی صورت میں 4مئی 2023ء کو بورڈ آفس میں متعلقہ سیکشن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز سامنے آئی ہے۔ جس کے لیے اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری حکومت کو بھجوا دی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 سے 7 روپے تک کمی کی جا سکتی ہے اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز ہے لیکن پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہے۔
برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 77.72 ڈالر فی بیرل تک رہی۔
وزیر خزانہ اوگرا سفارشات پر وزیر اعظم سے مشاورت کریں گے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا۔
آئندہ 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔
لاہور: کپتان بابر اعظم ریویو کا فیصلہ درست ثابت ہونےپرخود بھی حیران رہ گئے، ان کا ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
راولپنڈی میں دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کی اننگز کے 47 ویں اوور میں حارث رؤف کی گیند مہمان کپتان ٹام لیتھم کے بیٹ کو چھوتے ہوئے وکٹ کیپر محمد رضوان کے گلوز میں گئی، امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا جس پر بابر اعظم نے ریویو لے لیا، فیصلہ پاکستان کے حق میں آیا۔
اس موقع پر خوشگوار حیرت میں مبتلا کپتان کی باچھیں کھلی رہ گئیں، ان کے چہرے کے تاثرات پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔