Saturday, 30 November 2024

ایمزٹی وی (سیاسی) کراچی میں گزشتہ روز پرانہ حاجی کیمپ میں لگنے والی آگ کو بجھائے ہوئے 24 گھنٹے سے زائد ہو گئے لیکن کولنگ کا عمل اب بھی جاری ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کراچی میں پرانہ حآجی کیمپ میں لگنے والی آگ کو گزشتہ روز بجھا دیا گیا تھا تاہم کولنگ کا عمل اب بھی جاری ہے۔ ریسکیو عملے کا کہنا ہے کے ملبے کے اٹھانے کے بعد جلی ہوئی لکڑیوں پر کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ مکمل طور پر آگ کو ٹھنڈا کئے جا سکے، جبکہ متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے متاثرین کے لئے لگائے گئے کیمپ میں ایم کیوا یم کے رہنماء اور کارکنان اپنی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں۔ تاہم سخت سردی کے باعث کیمپ میں رہنے والے متاثرین اپنے رشتے داروں کے گھر منتقل ہو گئے اور کیمپ خالی ہے ۔

ایمزٹی وی (کھیل) نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں 8 وکٹ سے شکست دے کر دو میچ کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ کا چوتھا دن آخری ثابت ہوا۔ سری لنکا نے 5 وکٹ پر 293 رنز سے دوسری اننگز آگے بڑھائی۔ کپتان اینجلو میتھیوز کے سڑسٹھ اور شامندہ ایرانگا کے 45 رنز کی بدولت مہمان ٹیم 407 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ ٹم ساوتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے 105 رنزکا ہدف 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز کا پہلا اور سال کا مجموعی طور پر پانچواں ٹیسٹ جیت لیا۔ برینڈن مکلم کو پہلی اننگز میں 195 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) مالاکنڈ ایجنسی کی مقامی اسٹیل مل میں دھماکے سے ایک مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ ایجنسی کے علاقے درگئی میں مقامی اسٹیل مل میں دھماکا ہوا۔ دھماکے سے ایک مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر درگئی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) حافظ آباد میں ڈاکوؤں نے باوردی پولیس اہلکار کو لوٹ لیا۔ مزاحمت پر گولیاں مار کر زخمی کردیا۔ واقعہ حافظ آباد کے علاقے ٹھٹھہ گارہ کے قریب پیش آیا۔ پولیس اہلکار محمد بوٹہ اپنی ڈیوٹی پر جارہا تھا کہ مسلح ڈاکوؤں نے اسے گھیر لیا اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی۔ پولیس اہلکار محمد بوٹہ نے ملزمان کیساتھ مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے پولیس اہلکار محمد بوٹہ شدید زخمی جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ زخمی اہلکار کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک)آن لائن مووی ریلیز کی دوڑ میں ہالی وڈ کی متنازع فلم ’’دی انٹرویو‘‘ سب کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔ فلم پہلے 4 دنوں میں ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر اپنے نام کرچکی ہے۔ فلم ’’دی انٹرویو‘‘ کو دھمکیوں کے بعد سینماؤں میں ریلیز نہیں کیا جاسکا۔ فلم بنانے والی کمپنی سونی پر سائبر حملہ کیا گیا تھا۔ جس سے اس کی ویب سائٹ کئی گھنٹوں کیلئے معطل رہی۔ دھمکیوں کے بعد سونی کمپنی نے فلم کو 24 دسمبر کو آن لائن ریلیز کیا۔ جس کے بعد سے فلم اب تک ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کما چکی ہے اور یو ٹیوب سے 20 لاکھ سے زائد دفعہ اسے ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔ فلم ’’دی انٹرویو‘‘ ایک تصوراتی کہانی ہے۔ جس میں شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ کو قتل کرنے کی امریکی سازش کو دکھایا گیا ہے۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ سونی کمپنی پر سائبر حملے کے پیچھے شمالی کوریا کا ہاتھ تھا ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو نت نئے انداز اپنا کر تفریح حاصل کرتے ہیں۔ اسپین میں سالانہ فلور فائٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے گلیوں میں جمع ہو کر ایک دوسرے پر آٹے کی بارش کی۔ اس فائٹ میں مرد اور خواتین نے خصوصی طورپر تیار کردہ فوجی طرز کے لباس پہن کر شرکت کی جبکہ آٹے کے ملیدے کو برتنوں کے بجائے پائپ کے ذریعے پانی کی طرح ایک دوسرے پر برسایا اور محفوظ ہوئے۔ اس فائٹ میں آٹے کے ساتھ ساتھ انڈوں اور آتشبازی کر کے بھی ایک دوسرے پر حملے کیے گئے۔ یہ دوسو سال پرانا تہوار ہے جسے آج بھی شہری ہر سال بھر پور جوش وجذبے سے مناتے ہیں ۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن سے متعلق اقلیتی امیدوار اشوک کمار کی سینیٹر ہیمن داس کی کامیابی کے خلاف اپیل خارج کردی۔ چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے اشوک کمار کی سینیٹ الیکشن سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ اشوک کمار نے ہیمن داس کی کامیابی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ ہیمن داس کو غیر قانونی طریقے سے سینٹر بنایا گیا۔ الیکشن ٹربیونل نے ہیمن داس کی کامیابی برقرار رکھنے کا حکم جاری کیا۔ اشوک کمار نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اشوک کمار کی اپیل خارج کر دی ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک)اسپین میں ایسا تھری ڈی پرنٹر متعارف کروایا گیا ہے جس کا استعمال صرف اور صرف کچن میں کھانا تیار کر نے کیلئے کیا جائے گا۔ فوڈینی (Foodini) نامی اس پرنٹر میں روشنائی کی جگہ اپنے من پسند کھانے کے سارے اجزاء ڈال دئیے جاتے ہیں جو منٹوں میں تیار ہو کر پرنٹر کے ذریعے ایک خا ص ترتیب سے پلیٹ میں منتقل ہو جاتے ہیں۔ مخصوص نظا م کے ذریعے اس پرنٹر کو کھانے کے بارے میں ہدایات اس سے منسلک کمپیوٹر کے تحت دی جاتی ہے جو نا صرف اوون یا چولہے کے بغیر آپ کیلئے مزیدار کھانا تیار کر کے پیش کر دیتا ہے بلکہ چاکلیٹ یا دوسرے اجزاء سے ڈیکوریشن بھی کرتا ہے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) انڈونیشیا کا مسافر طیارہ QZ8501 پرواز کے بعد سے تاحال لاپتا ہے، ادھر آسٹریلیا نے بھی لاپتا ہونے والے طیارے کے تلاش میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ ائر ایشیا کے طیارے کو پراوز کے بعد اپنی منزل سنگاپور پہنچنا تھا۔ ادھر سنگاپور ائر پورٹ پر طیارے میں موجود مسافروں کے اہل خانہ اور عزیز ائر پورٹ پر جمع ہوگئے ہیں اور حسرت و یاس کی امید لگائے آسمان کی جانب تک رہیں ہیں کہ کاش کہیں سے طیارہ آسمان پر نمودار ہو اور وہ ایک بار پھر اپنے پیاروں کو بخیریت دیکھ پائیں ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) آپریشن ضرب عضب کے پہلے 6ماہ میں سیکورٹی فورسز نے بڑی کامیابیاں حاصل کرلیں۔ شمالی وزیرستان سے اب تک اسلحہ اور ہزاروں کلو گرام بارود برآمد کیا گیا۔ اسلحہ ساز فیکٹریاں، زیر زمین سرنگیں اور جیلیں بھی ملیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے پہلے 6 ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں دہشت گردوں کے زیر استعمال 5ہزار 8سو 98رائفل اور تقریبا 13لاکھ گولیاں قبضے میں لی گئیں۔ 2193 سب مشین گنیں، 274 مشین گنیں جبکہ 104 دیگر اقسام کا اسلحہ برآمد کیا گیا۔ جون سے دسمبر تک 314 راکٹ لانچر اور 4901 راکٹ جبکہ 4391 مارٹر بھی قبضے میں لیے گئے۔ 3321 ہینڈ گرینیڈ اور 4808 آئی ای ڈیز برآمد ہوئیں۔ شمالی وزیرستان سے اب تک 125000 کلوگرام بارودی مواد قبضے میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں نے 6ماہ میں 33 آئی ای ڈی فیکٹریاں، راکٹ بنانے والی 5 فیکٹریاں، اسلحہ اور بارود بنانے کی 7 فیکٹریاں تباہ کردیں۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک دہشت گردوں کی بنائی گئی 9 جیلیں بھی تباہ کی گئیں جبکہ دہشت گردوں کے زیر استعمال 186 زیر زمین سرنگیں بھی ملیں ۔