Thursday, 28 November 2024

ایمز ٹی وی (کراچی) قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران فیلڈ امپائرز قیصر وحید اور جمیل کامران نے آل راؤنڈر شعیب ملک کے مشکوک بالنگ ایکشن سے متعلق رپورٹ میچ ریفری کو ارسال کی تاہم پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کے مشکوک بالنگ ایکشن سے متعلق رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی، ریفری میچ کے اختتام پر اپنی رپورٹ بھیجتا ہے۔
واضح رہے کہ قائداعظم ٹرافی میں شعیب ملک زرعی ترقیاتی بینک کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے پہلی اننگز میں کراچی ڈولفن کے خلاف 70 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اس سے قبل قومی ٹیم کے جادو گر اسپنر سعید اجمل پر آئی سی سی کی جانب سے بالنگ ایکشن مشکوک ہونے کے باعث پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

ایمز ٹی وی (لاہور) پاکستانی کی ناموراداکارہ‘ اینکر ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ کردار نہیں منٹو اہم ہے ’’میں منٹو‘‘ کا حصہ بننے پر ہم سبھی خوش ہیں، ٹی وی پروڈکشن میں تکینکی طور پر بہتر مگر جو کچھ دکھایا جا رہا ہے وہ تشویش کی بات ہے۔ ثانیہ سعید نے کہا کہ سعادت حسن منٹو کو ذاتی طور پر تو نہیں جانتی اور نہ ہی ملاقات ہوئی مگر رائٹر اور ڈائریکٹر نے جیسا چاہا اسے اسی طرح کرنے کی کوشش کی ہے۔ مجھ سمیت سارے ہی فنکاروں کے لیے یہی اہم تھا کہ سعادت حسن منٹو پر بننے والی فلم ’’میں منٹو‘‘ میں کام کر رہے ہیں جس میں ہر کوئی اپنے اپنے کردار کو لے کر پرجوش ہے۔
’’میں منٹو‘‘ میں کام کرنا دلچسپ اور مزیدار رہا ہے، سرمد کھوسٹ کے ساتھ ہمیشہ کام کرتے ہوئے اچھا لگا ہے کیونکہ وہ کہانی اور سیچویشن کے مطابق کرداروں کو لے کر چلتا ہے۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں انگریزی اسٹینڈ اپ کامیڈی میں اپنا نام بنانے والے نوجوان مزاح کار سعد ہارون امریکا میں ہونے والے ’’دنیا کی مزاحیہ ترین شخصیت ‘‘ کے مقابلے میں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے فانئل میں پہنچ چکے ہیں۔
اس مقابلے میں شریک دنیا بھر سے آئے فنکاروں سے ٹکرانے کے بعد سیمی فائنل میں 10 بہترین کامیڈین میں سے سعد ہارون نے 3330 ووٹ حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اس مقابلے کا فیصلہ کن معرکہ آج لاس ویگاس میں ہوگا۔ ’’دنیا کی مزاحیہ ترین شخصیت ‘‘ کا خطاب جیتنے والے شخص کو 10ہزار امریکی ڈالر بطور انعامی رقم دی جائے گی۔ فائنل میں پہنچنے والے دیگر امیدواروں کا تعلق فن لینڈ‘ فرانس‘ اسپین اور متحدہ عرب امارات سے ہے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی کے ماہرین نے چاند ستاروں اور سیاروں کی خوبصورتی سے متاثر ہو کرکیسٹروڈوم نامی ٹیلی اسکوپ بنالی ہے ،اس منفرد ایجاد کے ذریعے آسمان پر موجود ہر شے کو 600 گنا بڑا کر کے دیکھا جا سکے گا۔ کراچی اسٹرونومر سوسائٹی ایک سال کی محنت کے بعد بالآخر ایک منفرد ٹیلی اسکوپ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ کیسٹروڈوم نامی اس ایجاد کے ذریعے گھر بیٹھ کر آسمان کی بلندیوں کا نظارا کرنا ممکن ہو سکے گا۔ آسمان کی رعنائیوں اور جگمگاتے ستاروں کی دنیا کو مسخر کرنے کے لیے بنائی جانے والی یہ ٹیلی اسکوپ یونیورسٹی روڈ پر واقع ایک گھر کی چھت پر نصب کی گئی ہے۔ موسمی اثرات سے محفوظ بنانے کے لیے اس کیسٹروڈوم کو باقاعدہ ڈھانپا گیا ہے
اسٹرونومر سوسائٹی کے ارکان کا کہنا ہے کہ وہ حکومتی سرپرستی میں پاکستان کی واحد ٹیلی اسکوپ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

ایمز ٹی وی (کراچی) محرم الحرام میں سیکیورٹی کے لئے سندھ پولیس نے فوج کی مدد طلب کرلی ہے،جس کے لئےایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے محکمہ داخلہ کو سمری بھی ارسال کردی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کو محرم الحرام کے دوران اسٹینڈ بائی پر رکھا جائے اور ضرورت پڑنے پر پاک فوج کے جوانوں کی مدد حاصل کی جائے گی۔ سندھ پولیس نے کراچی کے تین زونز میں پاک فوج کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ساؤتھ زون میں نو سو فوجی جوان فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے جبکہ ایسٹ زون میں چار کمپنیاں اور ویسٹ میں تین کمپنیاں فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ حیدر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی پاک فوج کی مدد درکار ہے۔ حیدرآباد میں ایک کمپنی، ڈسٹرکٹ دادو کے لئے پچاس فوجی جوان جبکہ لاڑکانہ کے لئے چار سو فوجی جوان فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے سینٹ وینسینٹ اسپتال میں ماہر سرجنزکی ٹیم نے پروفیسر پیٹر میکڈونلڈ کی سربراہی مردہ دل کو دوبارہ دھڑکن دے کر ٹرانسپلانٹ کیا تو یہ دنیا کا پہلا ڈیڈ ہارٹ ٹرانسپلانٹ بن گیا جس کے ساتھ ہی مردہ دل میں زندگی دوڑانے کا نسخہ بھی مل گیا، 57 سالہ مشیل جبرالز وہ پہلی خاتون ہیں جن میں مردہ دل کو دوبارہ دھڑکن دے کر ان کے دل سے تبدیل کیا گیا جب کہ ٹرانسپلانٹ کے بعد خاتون کا کہنا تھا کہ وہ دل کی تبدیلی کے بعد خود کو 10سال کم عمر محسوس کر رہی ہیں اور خود کو ایک مختلف اور خوش قسمت انسان سمجھتی ہوں۔
پروفیسر میکڈونلڈ کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کے بعد ڈونر آرگن کی کمی پر قابو پایا جاسکےگا اور اس کی مدد سے 30 فیصد زیادہ زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں.

ایمز ٹی وی (کراچی) میڈیا سے بات کرتے ہوئےایم کیو ایم کے رہنماءفاروق ستار کا کہنا ہے کہ دھرنوں کی وجہ سے پنجاب کی سیاست میں تبدیلی آگئی ہے۔ ملکی مسائل کے حل کے لیے عارضی دوا دی جاتی ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے مسائل کو مستقل حل کی ضرورت ہے جبکہ یہاں صرف عارضی دوائی دے کر کام چلایا جاتا ہے۔اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں نے پنجاب کی سیاست کو بدل کررکھ دیا ہے، اب وہاں روائتی سیاست نہیں چل سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ غریب عوام کی بات کی ہے اور وہ مڈل کلاس طبقے میں تبدیلی لےکرآئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی حالات اس حد تک پہنچ چکے ہیں کہ یہاں سچ بولنا بھی جرم سمجھا جاتا ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) حکومت نے آئندہ تین سال کے دوران ملک کے ہر ضلع میں کم از کم ایک یونیورسٹی یا کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں وفاقی حکومت رواں سال کے دوران ملک کے دور دراز علاقوں میں بیس جامعات اور کیمپس کی تعمیر کیلئے 2 ارب 38کروڑ61 لاکھ روپے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے توسط سے خرچ کرے گی۔ یہ جامعات اور کیمپس فاٹا، لورالائی، سرگودھا، تربت، سندھ، اٹک، نارووال، وہاڑی، اسلام آباد، ملتان، لاڑکانہ، پشاور، مردان، بہاولپور، رحیم یار خان، بےنظیر آباد میں قائم کئے جائیں گے۔ سب سے زیادہ رقم ناروال میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سب کیمپس کی تعمیر کیلئے 40 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ ملتان میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے 20 کروڑ روپے، سرگودھا یونیورسٹی میں زرعی کالج کے قیام کیلئے 50 لاکھ روپے، تربت میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے 35.5 کروڑ روپے، لورالائی میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے 10 کروڑ روپے، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دیپالپور اوکاڑہ میں سب کیمپس کیلئے 4 کروڑ روپے، لاڑکانہ میں شہید بےنظیر بھٹو یونیورسٹی کے قیام کیلئے 25 کروڑ روپے، بےنظیر آباد میں شہید بےنظیر بھٹو یونیورسٹی کے قیام کیلئے 15 کروڑ روپے، کامسیٹس کے اٹک میں سب کیمپس کیلئے 10 کروڑ روپے،سرگودھا میں میڈیکل کالج یونیورسٹی کے قیام کیلئے 9کروڑ 36لاکھ روپے، وفاقی دارالحکومت میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے قیام کیلئے 7 کروڑ روپے، گلگت میں قراقرم یونیورسٹی کے قیام کیلئے 1 کروڑ 45 لاکھ روپے، پشاور میں فرنٹیئر خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے 10 کروڑ 71 لاکھ روپے،کامسیٹس کے وہاڑی میں کیمپس کے قیام کے لیے 10 کروڑ روپے،کامسیٹس کے ایبٹ آباد کیمپس کے قیام کیلئے 50 لاکھ روپے، بہاﺅالدین یونیورسٹی کے شاہیوال کیمپس کے قیام کیلئے 8 کروڑ 68 لاکھ روپے، ایئریونیورسٹی کے ملتان کیمپس کے قیام کیلئے 8 کروڑ روپے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں زرعی کالج کے قیام کیلئے 8 کروڑ 83 لاکھ روپے اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے رحیم یار خان کیمپس کے قیام کیلئے 12 کروڑ 29 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) پی ٹی سی ایل ملازمین کو رضاکارانہ اسکیم کے تحت پرکشش پیکیج کی پیشکش کی جائے گی، اس سے قبل محکمے میں 2007 میں رضاکارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کرائی گئی تھی جس سے ملازمین نے بھرپور استفادہ حاصل کیا تھا اور محکمے کے تقریبا 32 ہزار ملازمین نے VSS لیا تھا، دوسری مرتبہ 2012 میں یہ اسکیم متعارف کرائی تھی جس سے تقریبا 6500 ملازمین نے استفادہ حاصل کیا تھا، اس وقت محکمے میں ملازمین کی تعداد تقریبا 24 ہزار کے قریب ہے۔
جبکہ انتظامیہ ملازمین کے بہتر مستقبل کا بھی خیال رکھنا چاہتی ہے اس مقصد کیلیے محکمے میں رضاکارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کسی ملازم پر جبر نہیں ہوگا کہ وہ اس اسکیم کو لازمی لے، پی ٹی سی ایل کے ذرائع کے مطابق VSS کے حوالے سے ملازمین کو معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ملازمین ہاٹ لائن پر VSS کے پیکیج کے حوالے سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں، ذرائع کے مطابق VSS اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں متعارف کرادی جائے گی۔
 

ایمز ٹی وی (تجارت) : آئل اسٹاکس میں ریکوری، رزلٹ ریلی اور سیاسی افق پر فضا بہتر ہونے کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا تاہم بی اے ٹی آئی انڈیکس میں83.63 پوائنٹس کی کمی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے8 ارب78 کروڑ13 لاکھ57 ہزار423 روپے ڈوب گئے.
ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر58 لاکھ45 ہزار821 ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری کی جبکہ غیرملکیوں نے40 لاکھ17 ہزار355 ڈالر، این بی ایف سیز4 لاکھ 30 ہزار 534 ڈالراور انفرادی سرمایہ کاروں نے 13 لاکھ97 ہزار 931 ڈالرنکال لیے.