ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے بادشاہ کیلئے ’رئیس‘ بننا مشکل ہوگیا، شاہ رخ خان نے بھی انتہا پسندی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، فلم ’رئیس‘ کی ریلیز سے پہلے راج ٹھاکرے سے ملاقات کی، تحفظات دور کیے، آئندہ پاکستانی فنکاروں کو فلم میں نہ لینے کی یقین دہانی بھی کرادی۔
پاکستان فوبیا کا شکار ہندو انتہا پسند ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں کے خلاف زہر اگلنے لگے،فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی طرح ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘ کی ریلیز پر بھی دہشت کے سائے منڈلا رہے ہیں، اس دہشت اور انتہا پسندی کے سامنے شاہ رخ خان کو بھی گھٹنے ٹیکنے پڑے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اتوار کی شام راج ٹھاکرے سے ملاقات کی اور فلم کی پروموشن کیلئے ماہرہ خان کے بھارت آنے کی خبروں پر صفائیاں دیں، ساتھ ہی آئندہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
دوسری طرف شیو سینا نے مودی جی کو اچھوتا مشورہ دے ڈالا، ہندو انتہا پسند جماعت کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بال ٹھاکرے سے متاثر تھے، وزیراعظم نریندر مودی ڈونلڈ ٹرمپ سے کچھ سیکھیں، ٹرمپ کی طرح اعلان کریں کہ بھارت میں صرف بھارتیوں کو ہی نوکری ملے گی۔
شیو سینا نے مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ پالیسی نافذ کریں کہ بھارتی فلم انڈسٹری اور ٹی وی میں بھی پاکستانی فنکاروں یا پاکستانی ٹیکنیشنز کو کام نہیں دیا جائے اور جو ایسا کرے گا وہ بھارت کا دشمن کہلائے گا۔