لاہور: سینئر اداکار فردوس جمال کے بیٹے اداکار حمزہ فردوس نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
سینئر اداکار فردوس جمال نے کچھ عرصہ قبل ایک انٹریو میں اداکارہ ماہرہ خان کو ’ماں‘ والے کردار کرنے کا مشورہ دیا تھا اور ان کے بیٹے نے ان کے اس بیان کی حمایت کی تھی جب کہ اب انہوں نے ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کردی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار عمران اشرف کے کردار ’بھولا‘ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس بار حمزہ فردوس نے اپنے والد کی مخالفت کرتے ہوئے عمران اشرف کے کردار کی تعریف کی لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ اب مزید اپنے والد کے بیانات کا دفاع نہیں کریں گے اس لیے انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرکے اپنے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملالِ یار اور بن بادل برسات پاکستان میں میرے آخری ڈرامے ثابت ہوں گے۔
واضح رہے حمزہ فردوس ملالِ یار، بن بادل برسات، میرا نصیب، عشق زہ نصیب سمیت متعدد ڈارموں میں کام کرچکے ہیں۔