ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ’تیرے نیناں‘، ’متوا‘ اور دوسرے بہت سے سپرہٹ گانے بالی وڈ کو دینے والے پاکستانی گلو کار شفقت امانت علی خوبصورت گائیکی کی وجہ سے سرحد کی دونوں جانب یکساں مقبول ہیں۔شفقت اپنی اس غیرمعمولی شہرت کا کریڈٹ بالی وڈ کودیتے ہیں۔
شفقت امانت علی خان کا کہنا ہے کہ ’بالی وڈ آپ کے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور سنوارنے میں نہ صرف مدد کرتا ہے بلکہ بالی وڈ کے ذریعے آپ کاٹیلنٹ دنیا کے ہراس کونے تک پہنچتا ہے جہاں اردو اور ہندی سمجھی جاتی ہے۔ مجھے ہمیشہ اپنے گانوں ’یہ حوصلہ‘، ’بن تیرے‘،’ توہیرمیرا‘ اور’تیری جھکی نظر‘پرتعریفیں ملتی ہیں۔ لوگوں کویہ گانے یاد ہیں۔‘
پاکستان اور بھارت کے تعلقات پربات کرتے ہوئے شفقت امانت نے کہا ” کچھ لوگ وقفے وقفے سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات خراب کرتے ہیں اورایسا کرنے کے لئے انہیں پیسہ ملتا ہے۔ ایسے لوگوں کی پرواہ کئے بغیر دونوں ملکوں کے درمیان امن، محبت اوربھائی چارے کے فروغ کے لئے کام کرتے رہنا چاہئے۔ایسے لوگ کسی کے دوست نہیں ہوتے۔“
’شہرت کیسی لگتی ہے؟‘اس بارے میں شفقت کا کہنا تھا ” میرے والد امانت علی خان بہت مشہور گلوکار تھے اور میرے چچا بھی۔کم عمری سے اپنے گھرمیں شہرت دیکھی۔ جب میں مشہور ہوا تو مجھے بہت خوشی ہوئی کیونکہ شہرت حاصل کرنے کے لئے مجھے انتظارکرنا پڑا تھا لیکن میں نے کوشش کی کہ شہرت میرے دماغ پرسوار نہ ہو۔“
شفقت امانت علی نے صنم سعید اورمحب مرزا اسٹاررفلم ”بچانا“ کا گانا ”یاری“ گایا ہے۔ ”بچانا“ پاکستان اوربھارت کا مشترکہ پروجیکٹ ہے۔”یاری“ کی موسیقی بھارتی کمپوزر نے دی ہے جبکہ گانا پاکستانی رائٹرنے لکھا ہے۔شفقت ان دنوں اپنے کچھ سولوگانوں پرکام کررہے ہیں۔