ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)ایپل آئی فون 7 کی نئی تصویروں نے اس کا سب سے اہم فیچر بے نقاب کردیا ہ جو اس فون کا واٹر پروف ہونا ہے۔ اگرچہ ایپل آئی فون سیون کی فروخت شروع ہونے میں بہ مشکل پانچ سے چھ ہفتے رہ گئے ہیں، لیکن ایپل کارپوریشن نے اب تک اس کے فیچرز کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ لیکن گزشتہ روز ایک تصویر میں اس کا سب سے اہم فیچر سامنے آگیا ہے؛ اور وہ ہے اس کا ’’واٹر پروف‘‘ ہونا۔
ایپل کارپوریشن کا یہ اسمارٹ فون پچھلے چند ماہ سے مسلسل افواہوں کی زد میں ہے اور ’’اندرونی ذرائع‘‘ کے حوالے سے ایسی خبریں دی جارہی ہیں کہ اس کا کیمرہ اور اسکرین پہلے سے کہیں بہتر ہوں گے، اور یہ کہ اس میں ہیڈفون پورٹ بھی نہیں ہوگی۔ مگر اِن سب سے اہم ایک اور فیچر گزشتہ روز سامنے آیا ہے۔
خبر کے مطابق آئی فون 7 واٹر پروف بھی ہوگا، یعنی اگر یہ پانی میں گرجائے تو بھی اس کا کچھ نہیں بگڑے گا۔ اسی سے متعلق آئی فون 7 کے آپریٹنگ سسٹم (آئی او ایس 10) میں ایک فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے اور وہ یہ کہ اگر اس کی چارجنگ پورٹ میں پانی ہو اور اسے چارجر سے منسلک کیا جائے تو اسکرین پر فوراً ایک پیغام نمودار ہوتا ہے جو خبردار کرتا ہے کہ چارجنگ پورٹ میں پانی موجود ہے، اور اپنے آئی فون کو محفوظ رکھنے کےلئے چارجر سے الگ کردیا جائے۔ آئی فون کے واٹر پروف ہونے اور اس کے آپریٹنگ سسٹم میں پانی سے بچاؤ کے تنبیہی نظام کو آئی فون 7 کا اہم ترین فیچر قرار دیا جارہا ہے۔