ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سوشل میڈیا سیل کے ایک رکن محمد سجیل نے سندھ کے نومنتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ویڈیو گیم اپلیکیشن متعارف کروا دی۔'سی ایم مائسٹرو' کے نام سے بنائی جانے والی اس ویڈیو گیم میں وزیراعلیٰ سندھ کو سوٹ پہنے اور ہاتھ میں پیپلز پارٹی کا پرچم تھامے دکھایا گیا ہے، جبکہ گیم میں مراد علی شاہ کو وہ سب مسائل اور رکاوٹیں پار کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے جن کا سامنا انہیں بحیثیت وزیراعلیٰ سندھ کرنا ہے۔
ساتھ ہی گیم میں مراد علی شاہ کو کبھی 'دھاندلی' تو کبھی 'سیلابوں' کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔سی ایم مائسٹرو نامی یہ گیم اس وقت اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے گوگل کے پلے اسٹور پر موجود ہے، جہاں اسے بے حد سراہا جارہا ہے اور خاص طور پر سندھ کے عوام اور بچے اس گیم میں بے حد دلچسپی لے رہے ہیں۔
دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اس گیم کو کافی پسند کیا جارہا ہے اور صارفین اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔گیم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف ایک ہی دن میں گوگل پلے اسٹور پر اس کی ریٹنگ 4.7 سے تجاوز کرچکی ہے۔
گیم کے پس منظر میں پیپلز پارٹی کے ایک گانے کو نئے انداز سے شامل کیا گیا ہے جسے گیم کھیلتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ جولائی میں پیپلز پارٹی نے سندھ کابینہ میں تبدیلوں کا فیصلہ کرتے ہوئے قائم علی شاہ کی جگہ مراد علی شاہ کو صوبے کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا۔سندھ کے نوجوان وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ایک ایسے وقت میں اپنا عہدہ سنبھالا جب صوبے کو امن و امان، تعلیم اور صحت و صفائی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔بعض حلقوں کے نزدیک نئے وزیراعلیٰ کے لیے اس وقت صوبے میں عوامی مسائل کو حل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سیاسی منظر نامے کے حوالے سے اس سے قبل ' گو نواز گو'، 'گلو بٹ' اور ' نجم کی چڑیا' نامی اسمارٹ فون گیم اپلیکیشنز بھی بنائی جاچکی ہیں، جنھیں صارفین نے کافی پسند کیا تھا۔